سوات: ناراض بیوی کو منانے میں ناکامی پر شوہر کا سسرال پر دھاوا، 4 افراد قتل

جمعرات 13 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سوات میں ناراض بیوی کو منانے میں ناکامی پر شوہر نے سسرال پر دھاوا بول دیا اور فائرنگ کرکے گھر میں موجود بیوی سمیت 4 افراد کو قتل کر دیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سوات شفیع اللہ گنڈا پور نے فائرنگ کے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ واقعہ سیدو شریف پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا۔

واقعے کے خلاف علاقہ مکین سراپا احتجاج بن گئے اور لاشوں سمیت ڈی پی او آفس کے سامنے دھرنا دے دیا۔

مظاہرین نے میڈیا کو بتایا کہ ملزم کی بیوی ناراض ہوکر بونیر سے واپس میکے آئی تھی اور اس کا شوہر اسے منانے کے لیے جرگہ بھی لے کر آیا تھا اور کئی بار کوشش کی لیکن بیوی واپس جانے پر راضی نہیں تھی۔

انھوں نے الزام لگایا کہ بیوی کی جانب سے انکار پر شوہر نے ساتھیوں سمیت سسرال پر دھاوا بول دیا اور مبینہ طور پر فائرنگ کرکے گھر میں موجود 4 افراد کو قتل کر دیا اور تمام ملزمان فرار ہو گئے۔ مظاہرین نے پولیس سے ملزمان کی فوری گرفتاری اور انصاف کا مطالبہ کر دیا جبکہ انتظامیہ کی یقین دہانی پر دھرنا ختم کردیا گیا۔

اہل علاقہ کے مطابق ملزمان کا تعلق بونیر سے ہے اور واقعے کے بعد وہ بونیر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ ایک ہی گھر کے 4 افراد کے قتل پر علاقے میں خوف اور غم کا سماں ہے۔

دوسری جانب ڈی پی او سوات نے واقعے کی تحقیقات اور تمام ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی اور دعویٰ کیا گیا ہے کہ واقعہ میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

شفیع اللہ نے بتایا کہ پولیس نے دونوں ملزمان کو چھاپے کے دوران گرفتار کیا ہے جبکہ باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے بونیر پولیس سے رابطہ کیا گیا ہے۔

ڈی پی او نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp