پی آئی اے کی پروازیں یورپ کے لیے کیسے بحال ہوئیں؟

جمعہ 29 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کی یورپ کے لیے پروازوں پر عائد پابندی ختم کردی گئی ہے، یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (EASA) نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی پروازوں پر عائد پابندی ختم کی۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل نادر شفیع ڈار نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ ایئر بلیو کو بھی تھرڈ کنٹری آپریٹر کی اجازت مل گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں پاکستانیوں کے لیے خوشخبری: پی آئی اے کی یورپ کے لیے پروازوں پر عائد پابندی ختم

ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اس حوالے سے وزیراعظم، وزیر ہوا بازی، اور سیکریٹری ہوا بازی کا شکریہ ادا کیا، جن کی مستقل حمایت  سے یورپ کے لیے پی آئی اے کی پروازوں پر عائد پابندی ختم ہوئی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق یورپی ایئر سیفٹی ایجنسی کی جانب سے پاکستانی ایئرلائنزسے پابندی اٹھانے کا فیصلہ ہوگیا ہے اور یہ پاکستان کی ہوابازی کی صنعت کے لیے اہم ترین خبر ہے۔

انہوں نے کہاکہ ’ایاسا‘ نے اپنے مکتوب میں وزرات ہوابازی اور پی آئی اے انتظامیہ کو باضابطہ آگاہ کردیا ہے، ان کی جانب سے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی ٹیم اور انتظامیہ کو ان کے سخت ترین اسٹینڈرڈز پر پورا اترنے پر مبارک باد دی ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ پی آئی اے انتظامیہ ’ایاسا‘ اور ان کے قوانین اور ضابطوں پر مکمل عمل پیرا رہے گا، پی آئی اے انتظامیہ نے گزشتہ 4 سال کی انتھک محنت کے بعد یہ اہم سنگ میل عبور کرلیا ہے۔

سابق ڈائریکٹر پشاور ایئرپورٹ عبید عباسی کے مطابق اس سارے معاملے میں ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نادر شفیع ڈار نے اہم کردار ادا کیا، ان کی ٹیم بہت مضبوط ہے، ان کے ایکسپرٹس نے دن رات محنت کی جس کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ یورپ کے لیے پروازوں پر عائد پابندی ختم ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کی طرف سے سیکریٹری آتے ہیں اور چلے جاتے ہیں، ایئرلائنز کی بہتری کے لیے ایڈیشنل ڈائریکٹر، جنرل مینیجرز اور لیگل آفیسر نے بہت محنت کی، سب کریڈٹ ان کو جاتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اپنے لوگوں کی حمایت کرکے ان کو نیچے سے اوپر لے کر آئیں تو یہ پی آئی اے کو مزید آگے لے کر جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ پی آئی اے میں جب سفر کیا جاتا ہے تو گھریلو سا ماحول ہوتا ہے، ہمیں تو یہ سفر پسند ہے لیکن جب تک بہتری لے کر نہیں آئیں گے لوگ کم سفر کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں یورپ کی طرف پاکستانی پروازوں پرپابندی عمران خان دورحکومت میں کیوں عائد ہوئی؟

عبید عباسی نے کہاکہ پارلیمنٹیرینز سمیت دیگر لوگوں کو ملنے والے مفت ٹکٹس پر پابندی لگا دی جائے، پی آئی اے کی ورکشاپس سے چوری کو روکا جائے، اس کے علاوہ پاکستانیوں کو چاہیے کہ وہ قومی ایئرلائن پر سفر کو ترجیح دیں، جبکہ افسران کو اس کا پابند بنایا جائے تو بہت فرق پڑسکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp