بلاول بھٹو نے شہباز شریف حکومت کی پالیسیوں پر تحفظات کا اظہار کردیا

ہفتہ 30 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے شہباز شریف حکومت کی پالیسیوں پر تحفظات کا اظہار کردیا۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت زراعت پر ٹیکس لگانے کا جو فیصلہ کرنے جارہی ہے اس سے خدشہ ہے کہ اس شعبے کو فائدے کے بجائے نقصان ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں چاہے بات چیت سے ہو یا لاٹھی سے ہمیں پاکستان میں سیاسی استحکام لانا پڑےگا، بلاول بھٹو

انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کو چاہیے کہ صوبوں کے ساتھ مشاورت کرے، ہم ٹیکس ہدف پورا کرنے کے لیے مل کر اقدامات کرسکتے ہیں۔

چیئرمین پی پی نے کہاکہ وفاقی حکومت دریائے سندھ سے کینال نکالنے کا منصوبہ بنارہی ہے، اس فیصلے پر ڈٹے رہنے کی صورت میں وفاق اور صوبے کے درمیان مسئلہ پیدا ہوجائےگا، جس کا ملکی معیشت اور زراعت پر منفی اثر پڑے گا۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں حکومت کی وی پی این پالیسی پر بھی اعتراض ہے، اس پر بھی نظرثانی کی ضرورت ہے، کیونکہ اس فیصلے سے آئی ٹی سیکٹر کو نقصان ہورہا ہے۔ اگر ہم آئی ٹی سیکٹر پر توجہ دیں تو برآمدات میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی زور زبردستی والے کسی بھی فیصلے پر ساتھ نہیں دے گی۔ خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگانے کے معاملے پر ہم سے ابھی تک رابطہ نہیں کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں وفاقی اور پنجاب حکومت میں شامل ہونے کا ابھی تک اشارہ نہیں ملا، رہنما پیپلزپارٹی حسن مرتضیٰ

انہوں نے مزید کہاکہ ہم نے ملکی معیشت کی بہتری کے لیے حکومت بنانے میں مسلم لیگ ن کا ساتھ دیا، تاہم وفاقی کابینہ میں شامل نہیں ہوئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp