پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ اس وقت اسٹیبلشمنٹ سے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے اور دھرنے کے شہدا کے خون کے حساب تک حکومت سے بھی بامعنی بات چیت نہیں ہوسکتی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نئی مشکل میں پھنس گئی، سلمان اکرم راجا کے بعد صاحبزادہ حامد رضا بھی مستعفی
نجی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان سے پارٹی رہنماؤں کی ملاقات میں استعفے کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی اور وہ بدستور اپنے عہدے پر ہی کام کر رہے ہیں۔
’دھرنے میں ہونے والی شہادتوں کی ایف آئی آر کروائیں گے‘
انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی اسلام آباد دھرنے کے شرکا کی شہادت کے خلاف ایف آئی آر درج کروائے گی اور پارلیمنٹ میں بھی اس مسئلے کو اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سانحہ پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ دھرنے میں ہماری طرف سے کوئی گولی نہیں چلی معلوم نہیں ہمارے جوانوں پر کس فورس نے گولی چلائی تاہم احتجاج کی کوئی نئی تاریخ تاحال نہیں دی گئی ہے۔
’مراد سعید کو دھرنے میں نہیں دیکھا‘
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ مراد سعید کو دھرنے میں قطعاً نہیں دیکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کو دھرنے کے لیے جس نوعیت کی منصوبہ بندی کرنا چاہیے تھی وہ نہیں ہوئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کے آئندہ پارٹی رول کو عمران خان طے کریں گے۔
’عمران خان کو زہر دیے جانے کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں‘
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو زہر دینے سے متعلق افواہوں اور بیانات میں کوئی صداقت نہیں۔
مزید پڑھیے: پی ٹی آئی دھرنا سنگجانی نہ ہونے کے ذمہ دار عمران خان ہیں، شیر افضل مروت
انہوں نے مزید کہا کہ 2 ڈھائی ماہ سے بچوں سے بات نہیں کرنے دی جارہی جبکہ ان کو اخبار و ٹی وی کی سہولت کی فراہمی بھی بند کردی گئی ہے۔
’ہمارے پاس دھرنے کے لاپتا کارکنوں کے درست اعدادوشمار نہیں ہیں‘
انہوں نے کہا ملاقات میں بانی پی ٹی آئی 24 نومبرکی صورتحال پر پریشان تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملاقات میں عمران خان نے پنجاب کے ورکرز کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو ہر طرح کی رکاوٹوں کے باوجود اسلام آباد کے ڈی چوک پہنچے۔
سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ دھرنے سے لاپتا افراد سے متعلق درست اعدادوشمار پارٹی کے پاس موجود نہیں ہیں۔