بلائنڈ ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان نے بنگلادیش کو 10وکٹوں سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ پاکستان نے 140رنز کا ہدف 11ویں اوور میں حاصل کیا۔ پاکستان کی جانب سے نثار علی نے 31 گیندوں پر 72رنز بنائے۔
Congratulations to the Pakistan blind cricket team for clinching the Blind Cricket T20 World Cup title with a 10-wicket win over Bangladesh in the final at Multan Cricket Stadium! 🏆👏 pic.twitter.com/Bd73pijLuU
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) December 3, 2024
بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں بنگلادیش نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ بنگلادیش بلائنڈ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7وکٹوں پر 139رنز بنائے تھے۔
بنگلادیش کی جانب سے عارف حسین 54 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان بلائنڈ کے بابر علی نے 2، محمد سلمان اور مطیع اللّٰہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
قومی ٹیم نے 140رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 11ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ پاکستان بلائنڈ کی جانب سے نثار علی 72 رنز بناکر ناقابل شکست رہے جبکہ محمد صفدر نے آؤٹ ہوئے بغیر 47رنز کی اننگز کھیلی۔
مزید پڑھیں: بلائنڈ ٹی20 ورلڈ کپ: پاکستان نیپال کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا
واضح رہے پاکستان بلائنڈ نے سیمی فائنل میں نیپال کو ہرایا تھا، قومی بلائنڈ ٹیم نے نیپال کو بھی 10وکٹوں سے شکست دی تھی۔ تاہم، پاکستان پہلی بار بلائنڈ ورلڈ ٹی20 کا عالمی چیمپیئن بنا ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو مبارکباد
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں شاندار کارکردگی اور ٹی20 ورلڈ چیمیپئن کا اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ محسن نقوی نے بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کے نام تہنیتی پیغام میں کہا کہ بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور ٹی 20ورلڈ چیمیپئن کا اعزاز حاصل کیا۔
یہ بھی پڑھیں: بلائنڈ ٹی20 ورلڈ کپ: ٹیم پاکستان نہ بھیجنے پر بھارت کا ورلڈ بلائنڈ کونسل کو خط
ملتان میں کھیلے گئے بنگلہ دیش کے خلاف فائنل میں کپتان نثارعلی اور محمد صفدر نے شاندار بیٹنگ کی اور فائنل میں فتح سمیٹی۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ ورلڈ کپ جیتنے پر پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ کو بھی مبارکباد دیتا ہوں۔ بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نےجذبے کے ساتھ محنت کی اور ٹی20 ورلڈ کپ کا اعزاز جیتا۔
انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے ہر میچ میں کھلاڑیوں نے بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا۔ امید ہے کہ بلائنڈ کرکٹ ٹیم مستقبل میں بھی اسی جذبے سے کھیلے گی اور مزید کامیابیاں حاصل کرے گی۔