مشرق وسطیٰ کی بگڑتی صورتحال پر تشویش، اسرائیل نے علاقائی امن کو خطرے میں ڈال دیا، اسحاق ڈار

منگل 3 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی بگڑتی صورت حال پر شدید تشویش ہے، اسرائیل نے علاقائی امن اور سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

ایران کے شہر مشہد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزارتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اسرائیل کی غزہ میں نسل کشی اور لبنان میں جارحیت کی مذمت کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں بین الملکی تعلقات کی بہتری کے لیے ثقافتی سفارتکاری اہم ہے، اسحاق ڈار

انہوں نے کہاکہ فلسطین، لبنان اور شام کے عوام خوف اور تشدد سے آزاد زندگی گزارنے کے مستحق ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہاکہ ای سی او وزرا کونسل اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرنا باعث اعزاز ہے، اجلاس کی میزبانی اور مہمان نوازی پر ایران کے شکر گزار ہیں۔ تنظیم کے لیے ایرانی وزیر خارجہ کا کردار قابل تعریف ہے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان خطے میں امن و سلامتی، لبنان کی خود مختاری کے مطالبے کا اعادہ کرتا ہے، سیکریٹری جنرل ای سی او نے تنظیم میں نئے عزم اور جذبے کی روح پھینکی ہے۔

انہوں نے کہاکہ مشترکہ اقدار کی بنیاد پر ای سی او اہم علاقائی پلیٹ فارم ہے، اس تنظیم کی بنیاد عظیم مقاصد کے لیے رکھی گئی، تاہم ابھی مقاصد کے حصول کے لیے طویل سفر باقی ہے۔

یہ بھی پڑھیں ترقی یافتہ ممالک 100 ارب ڈالر کی کلائیمیٹ فنانسنگ کا وعدہ پورا کریں، اسحاق ڈار

قبل ازیں اسحاق ڈار نے ای سی او کلین انرجی سینٹر کے چارٹر پر دستخط کیے۔ چارٹر تبدیلی آب و ہوا سے نمٹنے میں جدید قابل تجدید صاف توانائی کے ذرائع کے لیے تحقیق اور ترقی پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp