وفاقی حکومت نے حج درخواستوں کی وصولی کی آخری تاریخ میں 10 دسمبر تک توسیع کردی ہے۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ 3 دسمبرتک موصول ہونے والی تمام حج درخواستیں کامیاب قرار دے دی گئیں ہیں، اسپانسرشپ اسکیم میں موصول ہونے والی تمام حج درخواستیں بھی کامیاب قرار پائی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سرکاری کوٹے سے کم حج درخواستیں وصول، آخری تاریخ میں توسیع کا امکان
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ کوٹہ سے زائد درخواستیں موصول ہونے کی صورت میں قرعہ اندازی کی جائے گی، سمندر پار پاکستانی 10 دسمبر تک اسپانسرشپ کی رقم لازمی جمع کروا دیں، اسپانسر شپ اسکیم میں موصول درخواستوں کو بلا قرعہ اندازی کامیاب قرار دیا جائے گا۔
وفاقی وزارت مذہبی امور کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وزارت کی ویب سائٹ پر آن لائن پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے حج درخواست جمع کرائی جا سکتی ہے اور عازمین حج کو نئی ہدایات کے لیے پاک حج موبائل ایپ ڈان لوڈ کر نے کا کہا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حج 2025: درخواستوں کے لیے بینک ہفتہ اور اتوار کو بھی کھلے رہیں گے
واضح رہے کہ سال 2025 میں متوقع حج کے لیے پاکستان کو سعودی عرب کی جانب سے ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمینِ حج کا کوٹہ دیا گیا ہے، 50 فیصد سرکاری اور 50 فیصد عازمین پرائیویٹ اسکیم کے تحت حج پر روانہ ہو سکتے ہیں۔
سرکاری کوٹے کے تحت 89 ہزار 605 شہری آئندہ برس حج کے لیے روانہ ہوسکتے ہیں، اس ضمن میں حکومت نے 18 نومبر سے 3 دسمبر تک حج درخواستوں کی وصولی کا آغاز کیا تھا، تاہم اب درخواست کی وصولی میں ایک دن باقی رہ گیا ہے اور اب تک 47 ہزار کے قریب درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حج پالیسی 2025 کا اعلان، پچھلے سال کے مقابلے میں ایک لاکھ روپے کا اضافہ
اب تک جمع کرائی گئی درخواستوں کی تعداد کا تناسب سرکاری کوٹے کا 53 فیصد سے بھی کم ہے، مطلوبہ تعداد سے کم درخواستیں موصول ہونے پر امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حج کی درخواستیں وصول کرنے کی آخری تاریخ میں گزشتہ سال کی طرح توسیع کر دی جائے گی۔
گزشتہ برس یعنی 2024 میں منعقدہ حج کے لیے حکومت کو 69 ہزار 438 درخواستیں موصول ہوئی تھیں، جبکہ قرعہ اندازی کے بعد 63 ہزار 805 خوش نصیب افراد حج کے لیے منتخب ہوئے تھے، جبکہ وزارت کی جانب سے 21 ہزار سے زائد خالی رہ جانے والا کوٹہ سعودی حکومت کو واپس کر دیا گیا تھا۔