وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہونہار طلبا و طالبات کو میرٹ پر لیپ ٹاپ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ مستقبل کے معمار یونیورسٹیوں میں اچھے لگتے ہیں، ڈی چوک پر نہیں، ہم ان کے ہاتھ میں ڈنڈے یا پتھر نہیں دیکھنا چاہتے۔
مریم نواز نے ہونہار اسکالرز شپ اسکیم کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اصل سیاست دان وہ ہوتا ہے جو نئی نسل پر سرمایہ کاری کرے، ہونہار طلبا و طالبات کو تعلیم دلوانا میری ذمہ داری ہے۔
یہ بھی پڑھیں فتنہ اورانتشارپسندوں کا ساتھ نہ دینے پر پنجاب کے عوام کا شکریہ، مریم نواز
انہوں نے کہاکہ ہم میں سے کوئی بھی یہ نہیں چاہے گا کہ ہمارے طلبا و طالبات کے ہاتھوں میں ڈنڈے ہوں، ہمارے طلبا و طالبات یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرتے ہوئے ہی اچھے لگتے ہیں۔
مریم نواز نے کہاکہ بیلاروس کے صدر جب پاکستان آئے تو یہاں پر احتجاج ہورہا تھا، سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ وہ ملک کا کیا چہرہ لے کر واپس گئے ہوں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ پہلی حکومتوں کے پاس بھی عوام کا پیسا تھا لیکن وہ کیوں آپ تک نہیں پہنچا، اگر کوئی پالیسی بنائی گئی ہوتی تو کروڑوں بچے تعلیم یافتہ ہوتے۔ اب وزیراعلیٰ آفس میں آپ کے مستقبل کے بارے میں کام ہوتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم طلبا و طالبات کو ایک کروڑ روپے تک کا قرض دینے کا منصوبہ لارہے ہیں تاکہ طلبہ اپنے والدین پر بوجھ نہ بنیں۔
مریم نواز نے کہاکہ صوبے میں طلبہ کو 30 ہزار اسکالر شپس دی جارہی ہیں، جبکہ 70 ہزار درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی کا احتجاج مسلح دہشت گردی ہے، مریم نواز کا ردعمل
انہوں نے کہاکہ لیپ ٹاپ اسکیم جنوری سے دوبارہ لے کر آرہے ہیں، لیکن اس میں کوئی تفریق نہیں ہوگی، صرف میرٹ پر عملدرآمد ہوگا۔ ہونہار اسکالر شپ پروگرام سے وسائل نہ رکھنے والے طلبا و طالبات کے خواب حقیقت بنیں گے۔