بھارت نے جونیئر ہاکی ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان جونیئر ہاکی ایشیا کپ کا فائنل میچ عمان کے شہر مسقط میں کھیلا گیا، جس میں پاکستان چاندی کا تمغہ حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔
یہ بھی پڑھیں جونیئر ہاکی ایشیا کپ: پاکستان نے جاپان کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا
فائنل میچ کے دوران مقابلہ سنسنی خیز اور دلچسپ رہا، تیسرے کوارٹر تک 3،3 گول سے مقابلہ برابر تھا، تاہم چوتھے کوارٹر میں بھارت نے 2 گول کردیے جس کے بعد مقابلہ یکطرفہ ہوگیا۔
پاکستانی ٹیم کی جانب سے گول کرنے کے کئی مواقع ضائع کیے گئے، بھارت کی جانب سے ارجیت سنگھ ہونڈل نے 4 گول کیے، جبکہ پاکستان کے سفیان خان 2 اور حنان شاہد ایک گول کرسکے۔
واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم نے گزشتہ روز جاپان کو شکست دے کر جونیئر ہاکی ایشیا کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں پاکستان ہاکی ٹیم فائیو سائیڈ ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گئی
اس سے قبل 2023 میں بھی جونیئر ہاکی ایشیا کپ کا فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوا تھا، تاہم قومی ٹیم ٹائٹل اپنے نام کرنے میں ناکام رہی تھی۔