ازبکستان نے سوشل میڈیا پر زیرگردش ایسی تمام خبروں کی تردید کردی ہے جن کے مطابق پاکستان میں تعینات ازبکستان کے سفیر کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
Official Statement of the Embassy of Uzbekistan in Pakistan pic.twitter.com/7m0r2D6lwk
— Embassy of Uzbekistan in Pakistan (@UzbekEmbPak) December 4, 2024
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کی جانے والی ٹوئٹ میں پاکستان میں موجود ازبکستانی سفارتخانے کی جانب سے باقاعدہ وضاحت کی گئی جس میں ایسی تمام خبروں کی تردید کی گئی ہے جن کے مطابق پاکستان میں تعینات ازبکستانی سفیر کو حراست میں لینے اور انہیں غیر قانونی کارروائی کا نشانہ بنانے سے متعلق دعوے کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:قازقستان: وزیراعظم شہباز شریف کی روس اور ازبکستان کے صدور سے ملاقاتیں متوقع
پاکستان میں موجود ازبکستان کے سفارتخانے کے مطابق ایسی تمام خبریں یکسر گمراہ کن ہونے کی وجہ سے کوئی حقیقت نہیں رکھتیں۔ پاکستان میں ازبکستان کے سفیر کو نہ تو حراست میں لیا گیا ہے اور نہ ہی انہیں کسی غیر قانونی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

ازبکستان کے سفارتخانے سے جاری وضاحتی بیان کے مطابق ازبکستانی سفیر سفارتی اصولوں اور پروٹوکول کی مکمل پاسداری کرتے ہوئے اپنے فرائض کی انجام دہی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اس طرح کی رپورٹیں اشتعال انگیز ہوتی ہیں اور ان کا مقصد غلط معلومات پھیلانا ہے، جس سے اعتماد کو نقصان پہنچتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ازبکستان: کھانسی کی دوا سے ہلاکتوں پربھارتی شہری سمیت 23 ملزمان کو سزائے قید
ازبکستان کے سفارتخانے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہم سوشل میڈیا صارفین اور عوام سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ کسی بھی معلومات کو پھیلانے سے پہلے تصدیق شدہ اور سرکاری ذرائع پر بھروسہ کریں۔
واضح رہے کہ ازبکستانی سفارتخانے کی اس وضاحت کو پاکستان کے دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ کی جانب سے ری ٹوئٹ کیا گیا ہے۔