پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں علی امین گنڈاپور اور عاطف خان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق، یہ ٹیلیفونک رابطہ پی ٹی آئی میں اختلافات دور کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیلیفون کال کرنے میں پہل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کی۔
یہ بھی پڑھیں: علی امین گنڈاپور کے خلاف گروپ بندی، عاطف خان نے خاموشی توڑ دی
ذرائع نے مزید بتایا جس وقت دونوں رہنماؤں کے درمیان رابطہ ہوا اس وقت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ہمراہ پی ٹی آئی رہنما اسد قیصراور شہرام ترکئی بھی موجود تھے اور انہی دونوں رہنماؤں نے وزیراعلیٰ کو ٹیلی فون کال کرنے پرآمادہ کیا۔
ذرائع کے مطابق، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے عاطف خان سے ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ باہمی اختلافات سے پارٹی کو نقصان ہوتا ہے، اندرونی اختلافات مل بیٹھ کر حل کرتے ہیں۔ علی امین گنڈاپور نے عاطف خان کو وزیراعلیٰ ہاوس آنے کی بھی دعوت دی۔
یہ بھی پڑھیں: اینٹی کرپشن کا نوٹس بھیجنے والوں نے اپنی حیثیت دکھا دی، عاطف خان کا آڈیو پیغام میں ردعمل
ذرائع نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما عاطف خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سےرابطے کی تصدیق کی ہے اور علی امین گنڈاپور کی دعوت پر وزیراعلیٰ ہاؤس جانے کی حامی بھی بھر لی ہے۔
واضح رہے صوبائی وزیر شکیل خان کو عہدے سے ہٹانے پر عاطف خان اور جنید اکبر نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے اختلاف کیا تھا، جس کے بعد خیبرپختونخوا حکومت نے عمران خان کو شکایت کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: عاطف خان کے الزامات پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا آڈیو پیغام بھی سامنے آگیا
بعدازاں، محکمہ اینٹی کرپشن کا نوٹس ملنے پر عاطف خان کا مبینہ آڈیو پیغام سوشل میڈیا پر لیک ہوا تھا جس میں انہوں نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ سب جانتے ہیں اینٹی کرپشن کا نوٹس کیوں اور کس کے کہنے پر آیا ہے۔
عاطف خان کے مبینہ آڈیو پیغام کے جواب میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا آڈیو پیغام بھی سامنے آیا تھا، جس میں انہوں نے عاطف خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ آپ جو بیانات دے رہے ہیں اور جس قسم کی باتیں کررہے ہیں وہ میں سن رہا ہوں، آپ پہلے معاملات کی تصدیق کرلیا کریں، میں اتنا فارغ بھی نہیں ہوں، میرے اوپر بڑی ذمہ داریاں ہیں جنہیں میں نبھا رہا ہوں۔