علیمہ خان بانی پی ٹی آئی کا اہم پیغام لے آئیں؟

جمعہ 6 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی نے حکومت کے سامنے 2 مطالبات رکھے ہیں۔ سپریم کورٹ کے ججز پر مشتمل جے آئی ٹی بنائی جائے جو 9 مئی اور 26 نومبر کے سانحات کی تحقیقات کرے۔

راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر مذاکرات کے لیے اسٹیبلشمنٹ آفر دیتی ہے تو مذاکراتی کمیٹی ان سے مذاکرات کرے گی۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ پچھلے 2 اڑھائی سال سے پاکستان ریاستی دہشتگردی کا شکار ہے۔

بانی نے کہا کہ لوگوں کو ڈرایا دھمکایا اور گھروں کو توڑا جا رہا ہے، خواتین کے ساتھ وہ کیا گیا جو پہلے نہیں ہوا، لوگ بھیڑ بکریاں بننے سے انکار کریں گے تو ظلم کا نظام ختم ہو جائے گا۔

مزید پڑھیں: بھاگنے والی نہیں، مجھے ڈی چوک پر اکیلا چھوڑ دیا گیا، بشریٰ بی بی کا شکوہ

انہوں نے کہا کہ 26 نومبر کو اسنائپر سے لوگوں کو شہید کیا گیا، جناح ایونیو پر جو آپریشن ہوا اس میں 150 لوگ لاپتا ہیں، میرا اعتراض ہے کہ صرف 12 لوگ شہید نہیں ہوئے، بہت سے لوگ لاپتا ہیں، جیلوں میں ہیں، ان کے والدین پوچھ رہے ہیں۔

بانی پی ٹی آئی کی بہن نے کہا کہ مجھے اس پر غصہ ہے کہ کئی لوگ لاپتا ہیں، لوگوں کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے، پہلے آپ نے جمہوریت کو ختم کیا، جمہوریت قومی اسمبلی، عدلیہ اور میڈیا پر کھڑی ہے، ان تینوں چیزوں کو زمین بوس کردیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp