سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے شام میں تیزی سے بدلتے ہوئے حالات پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ شام کے عوام کے تحفظ اور امن کے قیام کے لیے اٹھائے جانے والے مثبت اقدامات کو سراہتی ہے۔
سعودی حکومت نے اس عزم کا اظہار کیاکہ وہ شام کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور موجودہ حساس مرحلے میں شامی بھائیوں کے لیے استحکام، اتحاد اور خونریزی کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گی۔
یہ بھی پڑھیں بشارالاسد کا طیارہ اڑان بھرتے ہی ریڈار سے غائب، حادثے کا خدشہ
بیان میں عالمی برادری سے اپیل کی گئی کہ وہ شام کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کے اصول کی پاسداری کرتے ہوئے شامی عوام کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرے۔ اس کے ساتھ ساتھ غیر ملکی ملیشیا کی مداخلت ختم کرنے اور شامی عوام کو درپیش مشکلات کے خاتمے کے لیے تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
سعودی حکومت نے شامی بحران کے دوران بے شمار بے گناہوں کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے اس بات کی اہمیت اجاگر کی کہ خطے میں امن اور خوشحالی کے لیے عالمی سطح پر مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں 5 دہائیوں تک شام پر حکومت کرنے والے الاسد خاندان کے عروج و زوال پر ایک نظر
بیان کے اختتام پر شامی عوام کے لیے امن و امان اور خوشحال مستقبل کی خواہش کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ اب وقت آگیا ہے کہ شام اپنی قدرتی حیثیت اور عرب واسلامی دنیا میں اپنا مقام دوبارہ حاصل کرے۔