پاکستان نے کہا ہے کہ شام میں پیداشدہ صورت حال کے بعد وہاں پر موجود تمام پاکستانی شہری محفوظ ہیں، ہم صورت حال کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہاکہ پاکستان نے ہمیشہ شام کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کی حمایت کی ہے، شام کے متعلق ہمارے اصولی مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
یہ بھی پڑھیں 5 دہائیوں تک شام پر حکومت کرنے والے الاسد خاندان کے عروج و زوال پر ایک نظر
ترجمان نے کہاکہ شام میں موجود پاکستانی شہریوں کو احتیاط کرنے کا کہا گیا ہے، وہاں پر موجود پاکستان کا سفارت خانہ شہریوں کی مدد کے لیے کھلا ہے، تاہم ابھی تک دمشق ایئرپورٹ بند ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہمارا سفارت خانہ پاکستانی شہریوں اور زائرین کے ساتھ رابطے میں ہے، ایئرپورٹ کھلنے کے بعد شہریوں کی واپسی ہوگی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ پاکستان اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، اور دونوں رہنماؤں نے شام کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو کے دوران پاکستانی شہریوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے بات ہوئی ہے، وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ترک ہم منصب کو پاکستانی شہریوں کی سیکیورٹی سے متعلق آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں بشارالاسد کا طیارہ اڑان بھرتے ہی ریڈار سے غائب، حادثے کا خدشہ
واضح رہے کہ باغیوں نے شام پر قبضہ کرلیا ہے، اور بشارالاسد ملک سے فرار ہوگئے، تاہم خبریں سامنے آرہی ہیں ان کے طیارے کو حادثہ پیش آیا ہے جس میں وہ ہلاک ہوگئے ہیں۔