وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وفاق المدارس کے سرپرست اعلیٰ مولانا فضل رحیم اشرفی اور دیگر اکابرین سے جامعہ اشرفیہ میں ملاقات کی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے مولانا فضل رحیم اشرفی کی خیریت دریافت کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات میں دینی مدارس کے بل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مولانا فضل رحیم نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مدارس کے معاملات پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، مدارس کے ایشو پر ہم اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔ پنجاب میں بھی وفاق کی طرز پر مدارس محکمہ تعلیم کے ماتحت ہونے چاہئیں۔
مزید پڑھیں: مدارس رجسٹریشن ایشو کیا ہے، اس پر اتنی سیاست کیوں ہورہی؟
وزیر داخلہ محسن نقوی نے مدارس کے حوالے سے مثبت کردار ادا کرنے کی یقین دہانی پر مولانا فضل رحیم اشرفی کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں مولانا فضل رحیم اشرفی نے دعائے خیر کی۔ ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے بھی دعا کی گئی۔