‘مریم نواز تو چین کی وزیراعلیٰ لگ رہی ہیں‘، سوشل میڈیا پر دورہ چین سے متعلق دلچسپ تبصرے

پیر 9 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف چین کی کمیونسٹ پارٹی کی دعوت پر 8 روزہ سرکاری دورے پر وفد کے ہمراہ چین میں موجود ہیں۔ اس دورے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، میڈیکل، انڈسٹری، اسموگ اور موسمیاتی تبدیلی کے امور پر باہمی اشتراک کار کا جائزہ لیا جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق مریم نواز کمیونسٹ پارٹی کی دعوت پر چین کا دورہ کرنے والی پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہیں، اس پر انہیں سوشل میڈیا پر بھی سراہا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ثانیہ عاشق نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز چین کا دورہ کرنے والی پہلی خاتون وزیراعلیٰ بن گئی ہیں۔



سعد قیصر نامی صارف نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ چین میں ہیں اور یہ کتنا قابلِ فخر لمحہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ مریم نواز چین کی وزیراعلیٰ ہیں۔ مریم نواز حالات کا جائزہ لے رہی ہیں اور چینی بھائی انہیں بریفنگ دے کر پروٹوکول بڑھا رہے ہیں۔

ایک صارف نے مریم نواز کے دورہ چین کو سراہتے ہوئے لکھا کہ مریم نواز کا بین الاقوامی لیڈر بننے کا سفر شروع ہوگیا ہے۔

ایک ایکس صارف نے چین میں مریم نواز کی ملاقاتوں پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ مریم نواز کا چین پہنچنے پر چنگ ینگ نے شاندار استقبال کیا، چنگ ینگ اپنی گلی کے معروف بزنس مین ہیں۔

واضح رہے کہ سینیٹر پرویز رشید، سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری، وزرا بلال اکبر، عاشق کرمانی اور دیگر بھی  مریم نواز کے ہمراہ ہیں۔

چین کے وزیراعظم لی چیانگ اکتوبر میں ہونے والے شنگھائی تعاون کونسل (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے 4 روزہ دورے پر اسلام آباد آئے تھے، یہ کسی بھی چینی وزیراعظم کا 11 سال بعد پاکستان کا پہلا دورہ تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp