کرم میں امن وامان کی بحالی کے لیے صوبائی سطح پر سپروائزری کمیٹی قائم

پیر 9 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا حکومت نے ضلع کرم میں امن و امان کی بحالی کے لیے سپروائزری کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

کمیٹی کی سربراہی مشیر اطلاعات پی بیرسٹر سیف کریں گے، جبکہ صوبائی وزیر آفتاب عالم بھی کمیٹی کے ارکان میں شامل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں:قومی جرگہ کی پیش کردہ تجاویز پر عمل درآمدیقینی بنایا جائے گا، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور

کمیٹی میں سول انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ افسران بھی شامل کیے گئے ہیں، اس کمیٹی کا مقصد حکومتی فیصلوں پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔

کمیٹی عملی اقدامات کے ذریعے ضلع کرم میں امن و امان کے قیام کے لیے موثر اقدامات کرے گی۔

یاد رہے کہ ضلع کرم میں ہفتوں جاری رہنے والے خونی تصادم کے بعد بالآخر فریقین جنگ بندی پر رضامند ہوگئے ہیں، خونی کھیل روکنے میں گرینڈ جرگہ نے اہم کردار کیا ہے، گرینڈ جرگہ اور کرم کے متحارب فریقین نے غیرمعینہ مدت تک جنگ بندی پراتفاق کرلیا ہے۔

ہفتے کے روز کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ کی سربراہی میں کرم میں پائیدار امن کے لیے قائم گرینڈ جرگہ اور ضلع کرم کے فریقین کے 100 سے زیادہ افراد کی مشترکہ نشست منعقد ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ضلع کرم میں متحارب فریقین جنگ بندی آمادہ، پائیدار امن کی کوششوں پراتفاق

ہفتوں سے جاری اس خونی تصادم کے خاتمے کے لیے گرینڈ جرگہ کے ارکان نے متحارب فریقین سے انفرادی اور اجتماعی ملاقاتیں کیں، اور انہیں جنگ بندی پر آمادہ کیا، اسی کے ساتھ ضلع کرم میں پائیدار امن کے لیے کئی اہم فیصلے کیے گئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 21نومبر کو ضلع کرم میں پارا چنار سے پشاور جانے والی گاڑیوں کے قافلے پر اوچت کے مقام پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 40 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ جس کے بعد سے ضلع میں خونی تصادم کا آغاز ہوگیا تھا جس میں فریقین کے درجنوں افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp