امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ ان کا ملک دنیا بھر میں انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کے دفاع کے لیے اپنے شراکت داروں اور اتحادیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
انسانی حقوق کے عالمی دن اور انسانی حقوق کے ہفتہ کے موقع پر اپنے پیغام میں امریکی صدر نے کہا کہ آج کے دن ہم تمام لوگوں کے مساوی اور ناقابل تنسیخ حقوق کو برقرار رکھنے کا عہد کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: انسانی حقوق کے عالمی چارٹر کا کیا کریں؟
انہوں نے کہا کہ امریکا کی بنیاد ایک نظریے پر رکھی گئی کہ ہر فرد برابر ہے اور وہ زندگی بھر یکساں سلوک کا مستحق ہے، آج سے 76 برس قبل 2 عالمی جنگوں اور ہولوکاسٹ کی تباہ کاریوں کے بعد امریکا نے دیگر ممالک کے ساتھ مل کر اسی تصور کو انسانی حقوق کے عالمی اعلامیے میں شامل کیا اور اقوام متحدہ کے قیام میں بھی مدد کی۔
جوبائیڈن نے کہا کہ آج امریکا دنیا بھر میں صحافیوں جیسے انسانی حقوق کے محافظوں کو خاموش کرنے اور دھمکانے کے خطرات کا مقابلہ کرنے سے لے کر جمہوریت، منصفانہ انتخابات اور عالمی انسانی حقوق کی آزادی کے لیے کوشاں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی طاقتیں انسانی حقوق کو پر تشدد طریقے سے کچل رہی ہیں، آرمی چیف
انہوں نے کہا کہ امریکا اور اس کے اتحادی دنیا بھر میں شہریوں کو بڑے پیمانے پر مظالم سے بچاتے ہیں، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور زیادتیوں کے ذمہ داروں کے لیے جوابدہی کو فروغ دیتے ہیں، سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے کی کوشش کرتے ہیں، اور شہری مکالمے کے لیے جگہ پیدا کرتے ہیں۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہم نے وائٹ ہاؤس کی صنفی پالیسی کونسل قائم کی تاکہ گھریلو اور خارجہ پالیسی میں خواتین اور لڑکیوں کے حقوق اور مواقع کو آگے بڑھایا جا سکے، ہم انسانی حقوق سے متعلق تحفظات کو اجاگر کرنے اور ان سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں دوبارہ شامل ہوئے۔
جوبائیڈن نے کہا کہ آج اور اس ہفتے، ہم مل کر عہد کریں کہ اپنے گھر اور دنیا بھر میں انسانی حقوق کے لیے کھڑے ہوں گے کیونکہ مستقبل انہی کا ہے جو اپنے لوگوں کو عزت کے ساتھ زندگی گزارنے، خوشحال ہونے اور انہیں سوچنے کی آزادی اور مواقع فراہم کرتے ہیں۔