ہتھنی سونیا کی موت کی وجہ کیا تھی؟

منگل 10 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی سفاری پارک میں ہتھنی سونیا کی اچانک موت نے ایک بار پھر جانوروں کی دیکھ بھال پر سوال کھڑا کردیا ہے۔ سفاری پارک میں ہتھنی سونیا 2 روز قبل مردہ حالت میں پائی گئی اور موت کا سبب جاننے کے لیے عالمی تنظیم فورپاز کے تعاون سےایک دن بعد ہی ہتھنی کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا تھا، پوسٹ مارٹم ہونے کے بعد ہتھنی کو اس کے پنجرے میں ہی دفن کردیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی سفاری پارک کی ہتھنی سونیا کیسے مری؟

مشن ڈائریکٹر عالمی تنظیم فور پاز ڈاکٹر عامر خلیل کے مطابق سونیا کی طبیعت کافی دنوں سے خراب تھی اور اسے سونڈ میں زخم اور پچھلی ٹانگوں میں سوجن کی شکایت بھی تھی جبکہ ہتھنی کا وزن کافی دنوں سے کم بھی ہو رہا تھا، ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کی بہتری کے لیے کام بھی کیا جارہا تھا۔

سفاری پارک ذرائع کے مطابق، سفاری پارک میں ہتھنی کی نقل و حرکت کے لیے جگہ ناکافی تھی شاید یہی وجہ تھی کہ ہتھنی کو انفیکشن ہوا، اس حوالے سے ڈاکٹر عامر خلیل کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی طرف سے بظاہر کوئی کوتاہی نظر نہیں آتی، اور جگہ کو وسیع کرنے کا کام بھی جاری تھا۔

مزید پڑھیں: ہتھنی نورجہان کی موت کے بعد ہتھنی مدھو بالا کو کیا ہو گیا؟

انہوں نے بتایا کہ ہتھنی کی موت کا سبب پوسٹ مارٹم کے بعد ہی واضح ہو سکے گا، فوری طور پر کوئی حتمی رائے قائم کرنا ممکن نہیں، امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ ہتھنی سونیا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ اگلے ہفتے آجائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp