جنرل(ر) فیض حمید نے ثبوت دے دیے، اب بانی پی ٹی آئی کو کیسے چھوڑا جا سکتا ہے، فیصل واوڈا

منگل 10 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سینیئر سیاستدان اور سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ فیض حمید سے امید لگانے اور سول نافرمانی کی تحریک چلانے والوں کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے، یہ سمجھتے تھے کہ فیض حمید انہیں بچا لیں گے، اب جنرل ریٹائر فیض حمید نے ثبوت دے دیے ہیں، بانی پی ٹی آئی کیسے چھوڑا جا سکتا ہے، علی امین گنڈا پور ’مولاجٹ‘ کی سیاست کر رہے ہیں، حشر ایسا ہو گا کہ دُنیا کان پکڑے گی۔

یہ بھی پڑھیں:لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کو باضابطہ طور پر چارج شیٹ کردیا گیا ہے، آئی ایس پی آر

منگل کو نجی ٹی وی کے ساتھ اپنے انٹرویو میں سینیٹر فیصل واوڈا نے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائر فیض حمید کے خلاف فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کی کارروائی پر بات کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ جنرل ریٹائر فیض حمید نے ثبوت بھی دے دیے ہیں اور گواہی بھی دے دی ہے، اب تو فیض حمید سے اُمید لگائے بیٹھے لوگوں کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے، اب کوئی یہ بتائے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو کیسے چھوڑا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سب کے لیے عبرت کی بات ہے کہ ایک طاقتور کا بھی احتساب ایسے ہورہا ہے جیسے کسی عام آدمی کا ہو رہاہو۔ 9 مئی کے واقعات پر ہی فیض حمید کا کورٹ مارشل ہوا ہے ااب جب سب کچھ سامنے آ گیا ہے تو پھر بانی پی ٹی آئی کیسے بچیں گے۔

مزید پڑھیں: فیض حمید سارا ملبہ عمران خان پر ڈال دیں گے، فیصل واوڈا کا دعویٰ

انہوں نے جنرل ریٹائر فیض حمید کے خلاف کارروائی کو پاکستان کے مستقبل کے لیے نیک شگون قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے فیصلوں سے ملک میں استحکام آئے گا، لیکن بانی پی ٹی آئی کی آزمائش میں مزید اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایسا احتساب خوش آئند ہے یہ ایک انتہائی اچھا کام ہوا ہے، پی ٹی آئی معاملات کو تباہی کی طرف لے جا رہی تھی، یہ 14 دسمبر سے سول نافرمانی کا پلان بنا رہے تھے لیکن اب ان کے غبارے سے ہوا نکل گئی ہے۔

فیصل واوڈا نے 9 مئی کے واقعات کو ملک کے خلاف سوچی سمجھی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے لیے آزمائش، امتحان، مسئلے مسائل اس حد بڑھ رہے ہیں اور میں انہیں اس سے بار بار روک رہا تھا۔بشریٰ بی بی بھی اس کا حصہ ہیں، بانی پی ٹی آئی کو جان سے مارنےکی کوشش ہوگی یہ بھی کہہ رہاتھا، بشریٰ بی بی اور ان کے حواریوں سے متعلق بار بار آگاہ کررہا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: مراد سعید احتجاج میں آگئے تو عمران خان اور فیض حمید کو کوئی نہیں بچا سکے گا، فیصل واوڈا

فیصل واوڈانے کہا کہ اب باقی بھی اس سے نہیں بچ سکیں گے، یہ ابہام دور ہونا چاہیے کہ فوج کے بڑے پوزیشن ہولڈر آدمی کے ساتھ جورہا ہے اور صحیح ہورہا ہے، ایسا نہیں ہوسکتا ایک کا ٹرائل ہورہا ہے اور دیگر حواری بچ جائیں گے، مراد سعید، بیگم صاحبہ، حماد اظہر اور دیگر حواری نہیں بچ سکیں گے۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف مار دھاڑ کی سیاست کر رہی تھی، اب یہ سب شکجنجے میں آئیں گے، کوئی ہی مت سمجھے کہ اسے چھوڑ دیا جائے گا، فیض حمید سب کے ثبوت دے رہا ہے، مراد سعید، حماد اظہر اور فرح گوگی کب تک بھگوڑے بنے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ کوئی غداری نہیں کرسکتا، جو لوگ اداروں پر تنقید کر رہے ہیں، اس عبرتناک انجام کا پیغام سب کو ملے گا، پہلے تو یہ سمجھتے تھے، فیض حمید ان کو بچالیں گے لیکن وہ تو ان کی دکھتی رگ ہیں۔

مزید پڑھیں: جنرل (ر) فیض حمید کو میرے خلاف وعدہ معاف گواہ بنایا جائے گا، بانی پی ٹی آئی عمران خان

فیصل واوڈا نے خبردار کیا کہ سب کو عبرت حاصل کرنی چاہیے کہ اب کوئی سیاستدان یا فوجی، عام پاکستانی عوام یا اس ملک کے ساتھ کوئی دھوکا یا کھیل نہیں کھیل سکتا۔

انہوں نے کہا کہ فوج کےساتھ گیم کرکے پاکستان کی جڑیں کمزور کرنے والوں کو پیغام مل گیا ہے کہ اب انسان بن جاؤ، اب سب کو بات چیت کے ذریعے راستہ نکالنا ہوگا، جنہوں نے گناہ کیے ہیں ان کو معافی بھی نہیں ملنی چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp