چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کے ملک کے دور دراز علاقوں کا وزٹ جاری، گوادر جیل کا بھی دورہ

منگل 10 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے ملک کے دور دراز اضلاع کے دورے جاری رکھتے ہوئے گوادر سب جیل کا دورہ کیا، اس دوران چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ اور دیگر ججز بھی ان کے ہمراہ تھے۔

دورے کے دوران چیف جسٹس نے انڈر ٹرائل قیدیوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا، چیف جسٹس پاکستان نے قیدیوں کی فلاح و بہبود اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری پر زور دیا اور بلوچستان کے ہر ڈویژن میں جیل کے قیام پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں: جسٹس یخییٰ آفریدی کو چیف جسٹس کیوں بنایا گیا؟ وجہ سامنے آگئی

سرکاری حکام نے چیف جسٹس کو مکران اور ژوب ڈویژن میں جیلوں کے قیام کی یقین دہانی کروائی۔

چیف جسٹس کی زیر صدارت جوڈیشل کمپلیکس مکران میں اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں جوڈیشل افسران اور مکران بار ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی، چیف جسٹس نے اجلاس سے خطاب میں بینچ اور بار کے مشترکہ تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

چیف جسٹس نے اپنے خطاب میں کہا کہ عدلیہ کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کیلئے بار کے تعاون کی ضرورت ہوتی ہے، عدلیہ کی ذمہ داری اختیارات کی ثلاثی تقسیم کے اصول کو مدنظر رکھتے ہوئے قانون کی تشریح اور بنیادی حقوق کا تحفظ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس منصور علی شاہ کے درمیان اختلافی جملوں کا تبادلہ

چیف جسٹس نے خواتین، بچوں اور معذور افراد کی انصاف تک رسائی کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی اور ہدایت جاری کی کہ خواتین، بچوں اور معذور افراد کی انصاف تک رسائی کو ترجیح دی جائے۔

اجلاس میں مکران بار کی جانب سے ماورائے عدالت قتل اور جبری گمشدگیوں کا معاملہ اٹھایا گیا،مکران بار نے چیف جسٹس سے ماورائے عدالت قتل اور جبری گمشدگیوں کے سد باب کے لیے اقدامات کی درخواست کی، چیف جسٹس نے بار کے مسائل کے حل اور قانون کی حکمرانی کی یقین دہانی کروائی، چیف جسٹس نے عدالتی اصلاحات سے متعلق مختلف امور کی نشاندہی کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp