پنجاب میں انتخابات: سپریم کورٹ نے اسٹیٹ بینک کو 21 ارب روپے جاری کرنے کا حکم دے دیا

جمعہ 14 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ نے پنجاب میں انتخابات کے لیے اسٹیٹ بینک کو 21 ارب روپے جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن حکام کو حکم دیا ہے کہ وہ فنڈز موصول ہونے سے متعلق سوموار تک رپورٹ جمع کروائیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان چیمبر سماعت کے دوران اسٹیٹ بینک حکام نے سپریم کورٹ سے حکم جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ کہا اسٹیٹ بینک کی جانب سے فنڈز فراہمی سے متعلق انکار نہیں کیا گیا۔

سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن سے سکیورٹی سے متعلق رپورٹ بھی طلب کرلی۔ وزارت خزانہ حکام نے خراب معاشی حالات سے سپریم کورٹ کو آگاہ کیا۔ کہا قرضے زیادہ ہیں فنڈز فراہمی میں مشکلات آ سکتی ہیں۔

اسٹیٹ بنک براہ راست الیکشن کمیشن کو فنڈز جاری نہیں کر سکتا: اٹارنی جنرل منصور عثمان

اٹارنی جنرل منصور عثمان نے سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ’اسٹیٹ بنک براہ راست الیکشن کمیشن کو فنڈز جاری نہیں کر سکتا۔ فنڈرز جاری کرنے کے لیے پارلیمنٹ سے منظوری لینا ضروری ہوتا ہے۔ حکومت کو بھی فنڈز کو جاری کرنے کے لیے قومی اسمبلی سے منظور ی لینا ہوتی ہے‘۔


پنجاب میں انتخابات کے لیے فنڈز کی عدم ادائیگی کے معاملہ پر سپریم کورٹ میں اِن چیمبر سماعت مکمل ہوگئی۔ نماز جمعہ کے بعد حکمنامہ جاری کیا جائے گا۔

آج صبح پنجاب میں عام انتخابات کے لیے فنڈز کی عدم ادائیگی پر سپریم کورٹ میں اِن چیمبر سماعت کے لیے اسٹیٹ بینک حکام سپریم کورٹ پہنچے، ان چیمبر سماعت کے موقع پر ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سیما کامل 3 رکنی بینچ کے سامنے پیش ہوئیں۔

چیف جسٹس سپریم کورٹ عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے اِن چیمبر سماعت کی۔ بینچ میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر بھی شامل ہیں۔

اٹارنی جنرل سمیت سیکرٹری الیکشن کمیشن، اسپیشل سیکریٹری خزانہ اور ایڈیشنل سیکریٹری خزانہ بھی بینچ کے سامنے پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران اٹارنی جنرل منصورعثمان اعوان  نے کہا کہ وفاقی حکومت انتخابات کے لیے فنڈز کے اجراء میں بے بس ہے، پارلیمنٹ نے حکومت کو فنڈز جاری کرنے کا اختیار ہی نہیں دیا۔

بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف نے اٹارنی جنرل کو مشاورت کے لیے طلب کیا۔ وہ  فوری طور پر سپریم کورٹ سے وزیراعظم آفس پہنچے۔ اس موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں اٹارنی جنرل منصور عثمان نے کہا کہ پارلیمنٹ نے حکومت کو فنڈز جاری کرنے سے روک دیا ہے، اب وفاقی حکومت کے پاس الیکشن  فنڈز جاری کرنے کا کوئی اختیارنہیں۔

اٹارنی جنرل وزیراعظم سے مشاورت مکمل کرکے واپس سپریم کورٹ پہنچ گئے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جب پارلیمنٹ نے فنڈز دینے سے منع کر دیا تو حکومت کیسے دے سکتی ہے؟

واضح رہے کہ  پنجاب میں انتخابات کیلئے فنڈز کے اجرا کے معاملے پر ان چیمبر سماعت آج ہورہی ہے جس میں چیف جسٹس سمیت بینچ کے 3ارکان شریک ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp