سبزی خریدتے وقت جب مرچیں خریدنے کی بات آتی ہے تو زیادہ تر لوگ اسی الجھن میں رہتے ہیں کہ انہوں نے جو مرچیں خریدی ہیں وہ تیکھی ہیں یا نہیں؟
مرچیں قدرتی طور پر اینٹی آکسیڈینٹس اورکیسپئین جیسے مرکبات سے بھرپور ہوتی ہیں، ان سے نہ صرف میٹا بولزم کو بڑھانے میں مدد ملتی ہے بلکہ یہ ہمارے نظام انہضام کے لیے بھی بہترین ہیں۔
مشہور شیف رنویر برار نے اپنے انسٹا گرام پر ایک ویڈیو شئیر کی جس میں انہوں نے بتایا کہ رنگ دیکھ کر ہری یا لال مرچوں کا انتخاب کیسے کیا جا سکتا ہے۔
مرچیں خریدتے وقت ان کا انتخاب کیسے کیا جائے؟
رنویر برار نے بتایا کہ ہلکے سبز رنگ کی ہری مرچیں کم تیکھی ہوتی ہیں جبکہ ایسی مرچیں جن کا رنگ زیادہ سبز ہوتا ہے وہ زیادہ تیکھی بھی ہوتی ہیں۔
لیکن اگر لال رنگ کی مرچیں خریدنا ہوں تو وہاں یہ اُصول لاگو نہیں کیا جا سکتا۔ ایسی سرخ مرچیں جن کا رنگ ہلکا ہو وہ زیادہ مصالہ دار ہوتی ہیں بہ نسبت گہرے رنگ کی لال مرچوں سے۔
اسی لیے جب بھی ہری یا لال مرچیں خریدیں تو مذکورہ بالا باتوں کا خیال رکھیں۔
View this post on Instagram
ہری مرچیں وزن کم کرنے کے لیے مفید
ہری مرچیں صحت کے لیے سرخ مرچوں سے زیادہ مفید ہوتی ہیں کیونکہ ان میں بیٹا کیروٹین،اینٹی آکسیڈینٹس اور اینڈرو فائنز پائے جاتے ہیں جو وزن کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
لال مرچیں پیپٹک السر کا سبب
کیا آپ جانتے ہیں کہ لال مرچوں کا بہت زیادہ استعمال پیپٹک السر کی وجہ بن سکتا ہے، اس کے علاوہ لال مرچوں کا زیادہ استعمال ہاضمے کی بیماریوں کا بھی باعث بن سکتی ہیں۔
مرچوں کا رنگ سبز یا لال کیوں ہوتا ہے؟
ہری مرچیں اپنا سبز رنگ پودے میں موجود مادے کلوروفل سے حاصل کرتی ہیں۔ اینٹی آکسیڈینٹ جسے لائیکو پین کہا جاتا ہے یہ مرچوں کے سرخ رنگ کی وجہ بنتا ہے، اس کے علاوہ اس بات کی بھی نشان دہی کرتا ہے کہ مرچیں کتنی تیکھی ہوں گی۔