پاک افغان سرحدی پر شہر چمن کے مشرقی علاقے رحمان کہول روڈ پر واقع مکان میں بچے مبینہ طور پر دھماکا خیز مواد سے کھیل رہے تھے کہ اس دوران زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 2 بچے جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوا۔
واقعہ کے فوراً بعد جان بحق ہونے والے بچوں کی لاشوں اور زخمی بچے کو ڈی ایچ کیو چمن منتقل کیا گیا جہاں جاں بحق بچوں کی شناخت 10 سالہ عبدالمتین اور 12 سالہ عبدالقدوس کے نام سے ہوئی۔ جاں بحق ہونے والے دونوں بچے سگے بھائی تھے جبکہ ایک 7 سالہ بچہ بشیر احمد شدید زخمی ہوا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر چمن ڈاکٹر عبدالسلام کے مطابق بچے خالی مکان میں کھیل رہے تھے کہ ان کو وہاں پر دھماکا خیز مواد ملا جس سے وہ کھیلنے لگے تاہم دھماکے خیز مواد پھٹنے سے دو بچے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
اسسٹنٹ کمشنر چمن نے کہا کہ ’خدشہ ہے کہ مذکورہ خالی مکان میں مزید دھماکا خیز مواد موجود ہو تاہم مکان کو کلیئر کرنے کے لیے بم ڈسپوزل ٹیم کو طلب کر لیا گیا ہے جبکہ معاملے کی مزید تحقیات کی جا رہی ہیں‘۔