شام سے بیروت پہنچنے والے 318 پاکستانیوں کو لے کر خصوصی طیارہ وطن روانہ ہوگیا۔
بیروت ایئرپورٹ پر پاکستانی سفیر نے طیارے کو الوداع کہا۔ قبل ازیں بیروت میں پاکستانی سفارت خانے نے پاکستانیوں کے ویزے لگوانے کے علاوہ ان کی رہائش اور کھانے پینے کے انتظامات بھی کیے۔
پاکستانیوں کو واپس لانے والا خصوصی طیارہ 12 اور 13 دسمبر کی درمیانی شب 2 بجے اسلام آباد پہنچے گا۔
شام میں باغیوں کی جانب سے بشارالاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد پروازیں منسوخ ہونے سے سینکڑوں پاکستانی وہاں پھنس گئے ، جن کے انخلاء کی کوششیش کی جا رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شام کی نئی عبوری حکومت کے وزیراعظم محمد البشیر کون ہیں؟
وزیر اعظم شہباز شریف نے شام میں محصور سینکڑوں پاکستانیوں کے انخلا کے لیے لبنان کے وزیر اعظم نجیب میکاتی سے رابطہ کیا تھا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے شام میں پھنسے پاکستانیوں کےمحفوظ انخلا کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے دمشق میں پاکستانی سفارتخانے کو معلوماتی ڈیسک اور پاکستانیوں سے رابطے کے لیے ہیلپ لائن قائم کرنے کی ہدایت بھی کی تھی۔ حکام کے مطابق اس وقت شام میں 260 زائرین سمیت ایک ہزار سے زائد پاکستانی موجود ہیں۔
مزید پڑھیے: شامی عقوبت خانے سے اچانک رہائی پالینے والے شہری کی بے یقینی اور دگرگوں حالت، امریکی خاتون رپورٹر بھی آبدیدہ
حکومت کے جاری کردہ بیان کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کو ایئرپورٹ پر شام سے پہنچنے والے پاکستانیوں کے استقبال کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔