جیسن گلیسپی کا استعفیٰ منظور، عاقب جاوید پاکستان کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ مقرر

جمعرات 12 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جیسن گلیسپی کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید کو قومی کرکٹ ٹیم کا عبوری ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کیا پی سی بی نے جیسن گلیسپی سے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کرلیا؟

جمعرات کو پاکستان کی قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عاقب کی تقرری اس وقت سامنے آئی جب جیسن گلیسپی نے کرکٹ بورڈ کے ساتھ اختلافات کی وجہ سے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

اس سے قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ سابق آسٹریلوی کرکٹر نے جنوبی افریقہ جانے سے انکار کر دیا تھا، جہاں انہیں جنوبی افریقہ کے خلاف 26 دسمبر کو 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے خصوصی تربیتی کیمپ کی نگرانی کرنی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ریڈ بال اسسٹنٹ کوچ ٹم نیلسن کے کنٹریکٹ کی تجدید نہ کرنے کے فیصلے کے بعد جیسن گلیسپی کو منگل کو جنوبی افریقہ پہنچنا تھا۔

تاہم سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر جیسن گلیسپی نے جنوبی افریقہ کا دورہ کرنے سے ذاتی وجوہات بیان کرتے ہوئے انکار کر دیا تھا۔

جیسن گلیسپی کے پی سی بی کے ساتھ اختلافات حالیہ انتظامی تبدیلیوں کی وجہ سے پیدا ہوئے۔ اکتوبر میں انہیں ٹیسٹ ٹیم کے سلیکشن پینل سے ہٹا دیا گیا تھا اور ان کا کردار ’میچ ڈے اسٹریٹجسٹ‘ تک محدود کر دیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں:پی سی بی کی جیسن گلیسپی کو کوچنگ کے عہدے سے ہٹانے کی سختی سے تردید

آسٹریلیا میں پاکستان کی وائٹ بال سیریز کے اختتام کے بعد جہاں انہوں نے گیری کرسٹن کے استعفے کے بعد عبوری کوچ کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں، بورڈ اور سابق آسٹریلوی کرکٹر کے درمیان اس کے بعد دوریاں بڑھتی گئیں۔

جیسن گلیسپی کی مایوسی میں اس وقت مزید اضافہ ہوا جب پی سی بی نے ٹم نیلسن کے کنٹریکٹ میں توسیع سے انکار کردیا۔

دوسری جانب عاقب جاوید کی بطور ہیڈ کوچ پہلی ذمہ داری جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان کی 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں:گیری کرسٹن کا استعفیٰ قبول، پی سی بی نے جیسن گلیسپی کو وائٹ بال کوچنگ کی ذمہ داری بھی دے دی

سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 26 سے 30 دسمبر تک سنچورین کے سپر اسپورٹ پارک میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا ٹیسٹ 3 سے 7 جنوری تک کیپ ٹاؤن کے نیو لینڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم اس وقت جنوبی افریقہ میں 3 ٹی20 میچوں کی سیریز کھیلے گی جس کے بعد 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp