ہمیں نئے اور پرانے پاکستان کو چھوڑ کر ’ہمارے پاکستان‘ کی بات کرنی چاہیے: آرمی چیف کا اِن کیمرا اجلاس سے خطاب

جمعہ 14 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 قومی اسمبلی کے ان کیمرہ اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ہمیں  نئے اور پرانے پاکستان کی بحث کو چھوڑ کر ’ہمارے پاکستان‘ کی بات کرنی چاہیے۔

اسپیکر قومی اسمبلی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم شہبازشریف، آرمی چیف اور دیگر عسکری حکام شریک ہوئے۔

’عوام کے منتخب  نمائندے منزل کا تعین کریں‘

آرمی چیف نے کہا کہ عوام کے منتخب  نمائندے منزل کا تعین کریں، پاک فوج پاکستان کی ترقی اور کامیابی کے سفر میں انکا بھرپور ساتھ دےگی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں آرمی چیف نے 1973 کے آئین کے نفاذ کے 50 سال مکمل ہونے پر پارلیمنٹ اور ارکان کو مبارک باد دی ہے۔

’سینٹر آف گریویٹی پاکستان کے عوام ہیں‘

اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ ‏سینٹر آف گریویٹی پاکستان کے عوام ہیں اور آئین پاکستان اور پارلیمنٹ عوام کی رائے کا مظہر ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ عوام اپنی رائے آئین اور پارلیمنٹ کے ذریعے استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حاکمیت اعلیٰ اللہ تعالی کی ہے اس کے حکم ہی سے آئین کو اختیار ملا ہے۔

’اختیار عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے استعمال ہوگا‘

آرمی چیف نے کہا کہ آئین کہتا ہے کہ اختیار عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے استعمال ہوگا۔ پاکستان کے پاس وسائل اور افرادی قوت کی کوئی کمی نہیں ہے۔

 اراکین قومی اسمبلی نے ڈیسک بجا کر اور تالیوں سے آرمی چیف کے خیالات کا خیر مقدم کیا اور خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے فوج، رینجرز، پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسروں اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جدوجہد میں 80 ہزار سے زائد قربانیاں دی ہیں۔

’ملک میں دہشت گردی واپس کیوں آئی اور اسے کون لایا؟‘

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے شہدا کی عظیم قربانیوں سے امن بحال ہوا لیکن یہ محنت چار سال میں ضائع کر دی گئی۔

شہباز شریف نے اجلاس میں سوال اٹھایا کہ ملک میں دہشت گردی واپس کیوں آئی اور اسے کون لایا؟

تمام صوبوں نے دہشت گردی کے خاتمے اور فاٹا اصلاحات کے تحت مقاصد کے لئے رقوم دی تھیں، وہ کہاں گئیں؟

وزیر اعظم نے سوال کیا کہ خیبرپختونخوا کو دیئے جانے والے اربوں روپے کے وسائل آخر کہاں استعمال ہوئے؟ ان کا جواب لینا ہوگا۔

 واضح رہے کہ پارلیمنٹ میں قومی سلامتی کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس جاری ہے۔ اجلاس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کر رہے ہیں۔ اجلاس میں سول اور عسکری قیادت شریک ہے۔

آج نماز جمعہ کے بعد شروع ہونے والے اجلاس میں جب چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر ایوان میں داخل ہوئے تو ان کی آمد پر اراکینِ پارلیمنٹ نے ان کا ڈیسک بجا کر استقبال کیا۔ اجلاس میں ڈی جی آئی ایس آئی جنرل ندیم انجم بھی شریک ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے’ میں افواجِ پاکستان کے شہداء کو سلام پیش کرتا ہوں۔‘

قومی سلامتی کمیٹی کے ان کیمرہ اجلاس میں عسکری حکام کی جانب سے قومی سلامتی کی موجودہ صورتحال پر ان کیمرہ بریفنگ دی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں عسکری حکام ملک کی سیکیورٹی کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز پر بریفنگ دیں گے۔

گزشتہ روز وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے مختصر خطاب میں اجلاس کی بابت بتایا تھا کہ ارکان اسمبلی بھی اپنے سوال کر سکتے ہیں، ایسی بات نہیں کی جائے گی کہ جس سے معاملات خراب ہوں، بلکہ معاملات صحیح کرنے کے لیے میٹنگ ہو گی، تمام ارکان کے تحفظات کو سنا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ڈی جی ملٹری آپریشنز کی جانب سے حکام کو بریفنگ دی جا رہی ہے۔ اجلاس کو کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ ماضی میں مذاکرات اور تازہ حملوں کی تفصیلات پر بریفنگ دی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ملک کی معاشی صورتحال پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔

مزید پڑھیے: قومی اسمبلی کا اِن کیمرہ اجلاس کیوں بلایا گیا ہے؟

اِن کیمرہ اجلاس سے قبل حکمران اتحاد کا کا اجلاس

قومی سلامتی کمیٹی کے اِن کیمرہ اجلاس سے پہلے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس بھی ہوا۔ اجلاس میں وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری، جے یو آئی کے رہنما مولانا اسعد محمود، وزیرِ دفاع خواجہ آصف، وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار، سعد رفیق، قمر زمان کائرہ، محسن داوڑ، رانا تنویر حسین ، زاہد حامد، مصطفیٰ رمدے اور اٹارنی جنرل نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتِ حال، سپریم کورٹ میں زیرِ سماعت پنجاب الیکشن کے معاملے پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں انتخابات کے لیے فنڈز سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم نامے پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء کو زاہد حامد، مصطفیٰ رمدے، شاہد حامد، اٹارنی جنرل نے تفصیلی بریفنگ دی۔ قانونی ٹیم نے سپریم کورٹ کی جانب سے الیکشن کے اخراجات سے متعلق فیصلے پر بریفنگ بھی دی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

بھارت سے پاکستان میں داخل ہونے والا نایاب سامبر جنگل میں چھوڑ دیا گیا

مدینہ منورہ سمیت 16 شہر معیاری علاقوں کی عالمی فہرست میں شامل

کارکردگی پر ووٹ ملا، ملک کی سمت درست کرنی ہے،سابق وزیراعظم نواز شریف کا نومنتخب ارکانِ پارلیمنٹ سے خطاب

پی ٹی آئی 26 نومبر کو ملک گیر احتجاج کیوں نہ کر سکی؟

اسلام آباد ہائیکورٹ: 190 ملین پاؤنڈ کیس کے جج کی ڈیپوٹیشن چیلنج، فیصلہ محفوظ

ویڈیو

وی ایکسکلوسیو: اسمبلی توڑ دیتا تو آج بھی وزیراعظم ہوتا، چوہدری انوارالحق

جامعہ بلوچستان کے طلبہ کی آرٹ ایگزیبیشن، رنگوں، مجسموں اور خیالات سے سماجی و ماحولیاتی زخم بے نقاب

چولستان کے اونٹ کیوں مر رہے ہیں؟

کالم / تجزیہ

این اے 18 ہری پور سے ہار پی ٹی آئی کو لے کر بیٹھ سکتی ہے

دیوبند کا سب سے بڑا محسن : محمد علی جناح

پاکستان کا جی ایس پی پلس سفر جاری رہے گا