ملک میں جاری مہنگائی کا طوفان تھم نہ سکا۔ ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق مہنگائی کی شرح 46.31 فیصد کی سطح تک ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 26 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ جن میں آلو فی کلو 5 روپے28 پیسے، ایل پی جی کا گھریلو سیلنڈر 141 روپے 61 پیسے، انڈے 6 روپے 89 پیسے فی درجن، چکن 8 روپے 29 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔
رپورٹ کے مطابق کیلے 4 روپے فی درجن، دال ماش 6 روپے 12 پیسے فی کلو، بیف 5 روپے 76 پیسے، مٹن 9 روپے 95 پیسے فی کلو مزید مہنگا ہوا۔ دال مسور، دہی، دودھ، چاول، چینی اور گھی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔
گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 9 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی جن میں ٹماٹر 17روپے 14 پیسے، پیاز 15 روپے 37 پیسے فی کلو سستے ہوئے۔
ایک ہفتے میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 74 روپے 70 پیسے سستا ہوا۔ لہسن، دال چنا، دال ماش کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق 16 اشیاء کی قیمتوں میں کوئی رد وبدل نہیں ہوا۔