عمران خان نےملک میں ’اُوئے توئے‘ گالم گلوچ اور انارکی کی سیاست کو فروغ دیا، رانا ثنا اللہ

اتوار 15 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان کے سیاسی امور کے مشیر رانا ثنا اللہ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے نوجوانوں کو صرف یہ سکھایا کہ آپ مخالف سیاستدان کو دیکھیں تو اسے گالیاں دیں، ملک میں ’اوئے توئے‘ گالم گلوج اور انارکی کی سیاست کو فروغ دیا لیکن واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ اس ملک میں ایسی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں:نئی نسل کو فسادیوں اور انتشاریوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں ہونے دیں گے، رانا ثنا اللہ

اتوار کو فیصل آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ملک میں اگر 2013 کو خدمت کی سیاست کا جو سفر شروع کیا گیا تھا وہ سفر جاری رہتا تو ملک آج دُنیا کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئے جی 20 ممالک کی صف میں شامل ہوتا، 2013 کے ملک معاشی اعتبار سے دنیا کے 23 نمبر تھا لیکن 2018 کے بعد یہ واپس 47 ویں نمبر پر چلا گیا۔

انہوں نے کہا کہ 2018 میں ملک میں خدمت کے سفر کے خلاف سازش سازش ہوئی اور  خدمت کی سیاست کی جگہ پر ’اوئے توئے‘ گالم گلوچ، ایک دوسرے کو برداشت نہ کرنا، ایک دوسرے کے گالی دینا اور ایک دوسرے کو بےعزت کرنے کی سیاست کو رواج دیا گیا، تو پھر پاکستانی قوم نے دیکھا کہ ہم 23 ویں نمبر سے 47 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ملک کو تباہ و برباد کرنے کا یہ سلسلہ رکا نہیں بلکہ 2018 کے بعد اگلے ساڑھے 3 سالوں میں یہ لوگ ملک کو ڈیفالٹ کرنے کی باتیں کرنے لگے، جو ڈیفالٹ ہوتا ہے تو پھر کوئی سری لنکا سے پوچھے کہ کیا حال ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں:رانا ثنا اللہ کے لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کی سرگرمیوں کے حوالے سے اہم انکشافات

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور بانی پی ٹی آئی نے نوجوانوں کو صرف یہ سکھایا کہ آپ مخالف سیاستدان کو دیکھیں تو اسے گالیاں دیں، ان پر آوازیں کسیں، اس ملک کو ایسے ایسے بدبخت لیڈر نصیب ہوئے ہیں جو ابھی بھی ہیں اور برے حال میں ہیں، انہوں نے اسکول جانے والے بچوں کو سکھایا کہ کسی دوسری جماعت کے کسی لیڈر کے بچے ملیں تو انہیں گالیاں دیں اور انہیں چور کہیں، ڈاکو کہیں۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ملک میں ایسا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، اور آج بھی یہ لوگو اوئے توئے، گالم گلوج، افراتفری اور انارکی کی سیاست کو جاری رکھے ہوئے ہیں لیکن واضح کردینا چاہتا ہوں کہ اب اس کی اس ملک میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ یہ ملک پاکستان اللہ کے نام پر بنا اور قیامت تک قائم رہے گا اور یہ انہی اصولوں پر قائم رہے گا جن پر بنا ہے، یہ ملک نفرت کی بنیاد پر نہیں بنا بلکہ بھائی چارے کی بنیاد پر بنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی سیاسی گفتگو کرنا چاہتی ہے تو ہم تیار ہیں، رانا ثنا اللہ

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ان کو ایک صوبے میں حکومت ملی تو تین بار اسلام آباد پر حملہ آور ہوئے، یہ راستے میں لوگوں کو کہتے آ رہے تھے کہ پٹھان بڑے غیرت مند ہوتے ہیں، اس میں کوئی شک نہیں پٹھان جس کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں اسے چھوڑتے نہیں، لیکن بعد میں حال یہ ہوا کہ لوگ ڈی چوک پہنچ گئے، پٹھان تو کھڑے رہے لیکن بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈا پور انہیں یہاں تنہا چھوڑ کر بھاگ گئے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پروپیگنڈا کیا گیا کہ ہمارے لوگوں کو مارا گیا ہے، لوگوں کو مارنے کی ضر ورت ہی کیا تھا، لوگ تو اپنے لیڈر کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، کے پی کے میں ان کی حکومت ہے جس کی وجہ سے لوگ آپ کے ساتھ اسلام آباد تک آئے۔

انہوں نے کہا کہ پورے پنجاب سے 10 بندوں نے بھی اسلام آباد جانے کی کوشش نہیں کی، کچھ لوگوں نے تو خود پولیس کو فون کیے کہ ہمیں گرفتار کر لیں۔ میں نے تو وزیر اعلیٰ پنجاب کو تجویز دی کہ اتنی پابندیاں لگانے کی ضرورت ہی نہیں ہے، پنجاب سے کوئی نہیں جائے گا۔

مزید پڑھیں:پی ٹی آئی کا احتجاج ’مس کال‘، حکومت کسی دباؤ میں نہیں آئے گی، رانا ثنا اللہ

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ علی امین گنڈا پور اور بشریٰ بی بی جب بھاگے تو ان کی گاڑی پر اپنے لوگوں نے ہی ڈنڈے مارے کہ کدھر بھاگ رہے ہیں، اس کے بعد کچھ نہیں ہوا جب لیڈر بھاگ گئے تو لوگ بھی منتشر ہو گئے، کوئی لڑائی جھگڑا اور فساد نہیں ہوا، گولی مارنے کی ضرورت ہی نہیں پڑی کیونکہ وہاں تو ایسا کوئی ماحول ہی نہیں تھا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کے گالم گلوج کا سوشل میڈیا بریگیڈ اتنا ماہر ہے کہ وہ اپنے جھوٹ کو سچ ثابت کرنے اور سچ کو جھوٹ ثابت کر دیتا ہے، پی ٹی آئی کے اس سوشل میڈیا بریگیڈ نے ڈی چوک میں سچ کو جھوٹ ثابت کرنے کی کوشش کی جس میں وہ خود پھنس کر رہ گئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp