جاپانی ہیٹرز: کوئٹہ کے عوام نے بالآخر گیس کے کم پریشر کا حل تلاش کر ہی لیا

پیر 16 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے شمالی اضلاع ان دنوں یخ بستہ سائبیرین ہواؤں کی لپیٹ میں ہیں، ٹھنڈی ہواؤں کے سبب درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کئی ڈگری نیچے گرچکا ہے۔ سردی بڑھتے ہی کوئٹہ سمیت صوبے کے سرد علاقوں میں گیس بھی نایاب ہونے لگی ہے، ایسے میں عوام نے گیس کے کم پریشر کا حل ڈھونڈ لیا ہے۔ کوئٹہ کے فاطمہ جناح روڈ سے منسلک گلیوں میں ان دنوں جا بجا جاپانی ہیٹروں کی خرید و فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔

وی نیوز سے بات کرتے ہوئے کوئٹہ کے شہری نے بتایا کہ کم گیس کی وجہ سے پرانے ہیٹر اب کسی کام کے نہیں رہے، جس کی وجہ سے انہوں نے جاپانی ہیٹروں کی خریداری شروع کردی ہے، یہی ہیٹر نہ صرف کم گیس پر چلتے ہیں بلکہ شدید سردی میں کسی نعمت سے کم نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بجلی اور گیس سے چلنے والے جاپانی ہیٹر میں خاص کیا ہے؟

دوسری جانب، جاپانی ہیٹروں کے کاروبار سے منسلک شخص نے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان میں ہر سال سردی کی آمد کے ساتھ ہی گیس نایاب ہوجاتی تھی، جس کی وجہ سے لوگ کافی پریشان تھے، تاہم جاپان سے آنے والے یہی ہیٹر کم بجلی اور کم گیس پر باآسانی چلتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت مارکیٹ میں ان کی قیمت 5 ہزار روپے سے لے کر 20 ہزار روپے تک ہے، دراصل یہ ہیٹر جاپان سے افغانستان اور چمن کے راستے اسمگل ہوکر کوئٹہ پہنچتے ہیں، جس کے بعد انہیں مارکیٹس میں لایا جاتا ہے، کم گیس پر چلنے کی وجہ سے یہ لوگوں کی اولین ترجیح ہیں اور ہر گزرتے دن کے ساتھ ان ہیٹرز کی مانگ میں اضافہ ہورہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp