پاکستانی ٹیم کے ممکنہ کنسلٹنٹ مکی آرتھر کب ذمہ داریاں سنبھالیں گے؟

ہفتہ 15 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی ٹیم کے ممکنہ کنسلٹنٹ مکی آرتھر نیوزی لینڈ سیریز کے دوران ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے 18 اپریل کو پاکستان پہنچیں گے۔

کرکٹ پاکستان ویب سائٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے انکشاف کیا کہ مکی آرتھر 18 اپریل کو لاہور پہنچیں گے۔

نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ غیر ملکی کوچز میں سے دو پہلے ہی لاہور پہنچ چکے ہیں جب کہ مکی آرتھر 18 اپریل کو پاکستان آ رہے ہیں۔

پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ مکی آرتھر کیویز کے خلاف سیریز کے ایک یا دو میچز کے لیے ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کے دورے کا بنیادی مقصد پاکستانی ٹیم کو تیار کرنا، انہیں تربیت دینا اور انہیں بریف کرنا ہے۔

نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ مکی آرتھر بابر اعظم اور دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ اپنے منصوبوں پر بھی بات کریں گے۔

پی سی بی چیئرمین نے غیر ملکی کوچنگ اسٹاف کو ترجیح دینے کے معاملے پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی کوچز سیاست سے دور رہتے ہیں وہ عام طور پر زیادہ پروفیشنل بھی ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس اچھے پروفیشنل کوچز بھی دستیاب ہیں لیکن پمارے معاشرے میں دوستی فیصلہ سازی پر اثر انداز ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پروفیشنل کرکٹ میں یہ چیزیں موجود نہیں ہونی چاہییں پیشہ ورانہ اخلاقیات کو مکمل طور پر اپنانا ضروری ہے۔ اس لیے غیر ملکی کوچز کا ہونا ضروری ہے۔

واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم 14 اپریل سے لاہور میں نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی اور اتنے ہی ون ڈے میچز کھیلنے والی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp