اسلام آباد سہالہ سرکل تھانہ ہمک اور ہومی سائیڈ یونٹ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے قتل میں ملوث 3 ملزمان گرفتار کر لیے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق اسلام آباد سہالہ سرکل تھانہ ہمک اور ہومی سائیڈ یونٹ نے مشترکہ کارروائی میں قتل میں ملوث ملزمان شرافت، حسین اور انصر جمال کو گرفتار کر لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد پولیس کی کارروائی، رہزنی کی وارداتوں میں مطلوب 2 ملزمان گرفتار
پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان نے 11 دسمبر 2024 کو تھانہ ہمک کی حدود میں لڑائی جھگڑا کے دوران کلہاڑی کے وار سے مسمی محمد انور کو قتل کر دیا تھا۔
ڈی آئی جی اسلام آباد نے وقوعہ کا نوٹس لے کر ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے۔
پولیس ترجمان کے مطابق پولیس ٹیم نے جدید تکنیکی اور سائنسی تقاضوں پر تفتیش کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ملزمان کی گرفتاری پر ڈی آئی جی اسلام آباد کی پولیس ٹیم کو شاباش دی ہے۔
ترجمان کے مطابق ڈی آئی جی اسلام آباد سید علی رضا کا کہنا ہے کہ ملزمان کو ٹھوس شواہد کی روشنی میں چالان عدالت کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔