وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ معاشی میدان میں کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے، کوشش کریں گے کہ مہنگائی میں کمی کا فائدہ عام آدمی تک پہنچائیں، عالمی قیمت اور ایندھن سستا ہونے کے باوجود اشیا مہنگی ہونے کا سبب مڈل مین ہے۔
یہ بھی پڑھیں پاکستان میں مہنگائی ساڑھے 6 سال کی کم ترین سطح پر
اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہمیں پتا چلا ہے کہ عالمی منڈی میں دال ماش اور دال چنا سستی جب کہ پاکستان میں مہنگی ہورہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ٹھوس اقدامات کی بدولت معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے، ترسیلات زر میں 35 فیصد اضافہ ہوا، گزشتہ مالی سال ترسیلات 30.2 ارب ڈالر تک رہیں، جو 35 ارب ڈالر تک جانے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہاکہ ملک میں مہنگائی 6 سال کی کم ترین سطح پر ہے، بہت جلد ہم زرمبادلہ ذخائر کو 3 ماہ کی برآمدات کے مساوی لے جائیں گے، کرنٹ اکاؤنٹ 10 سال بعد سرپلس ہونا اہم پیشرفت ہے۔
وزیر خزانہ نے کہاکہ اسٹیٹ بینک نے مسلسل پانچویں بار پالیسی ریٹ میں کمی کی ہے، شرح سود 13 فیصد اور کائبور 12 فیصد سے بھی کم ہے۔
یہ بھی پڑھیں حکومت کا مہنگائی میں کمی کا دعویٰ! گھی، آٹا، دالیں سمیت کیا کیا مہنگا ہوا؟
محمد اورنگزیب نے کہاکہ میکرواکنامکس استحکام کا اثر جلد حقیقی معیشت میں بھی نظر آئےگا، ای سی سی میں ایک مہینہ پہلے مہنگائی کا احاطہ کیا تھا۔














