’اپنے حلقے میں نہیں جا سکتا وہاں طالبان کا قبضہ ہے‘، شیر افضل مروت کی ویڈیو وائرل

بدھ 18 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ وہ اپنے حلقے میں نہیں جاسکتے کیونکہ طالبان نے وہاں قبضہ کیا ہوا ہے۔

شیر افضل مروت نے قومی اسمبلی سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی کہتا ہے کہ راوی چین کی بانسری بجا رہا ہے تو وہ جھوٹ بول رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بد امنی ہے اور مہنگائی بڑھ رہی ہے اور طالبان نے بہت سے حلقوں پر قبضہ کیا ہوا ہے اور یہ صورتحال بہت سے اضلاع میں ہے۔

شیر افضل مروت کا یہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو صارفین کی جانب سے پی ٹی آئی پر شدید تنقید کی گئی۔ خواجہ یاسین عثمانی لکھتے ہیں کہ شیر افضل مروت خیبرپختونخوا میں اپنی حکومت کی نا اہلی کا اعتراف کر رہے ہیں۔

اطہر سلیم نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ گنڈاپور صاحب ہر دوسرے دن آپ کو اسلام آباد میں دہشت گردی کرنی ہوتی ہے مگر آپ کو اپنے صوبے کے بارے میں علم نہیں۔

ڈاکٹر سیدہ صف لکھتی ہیں کہ علی امین گنڈاپور اور ان کے وزیرو مشیر جھوٹ بول رہے ہیں کہ خیبر پختونخوا میں امن ہے جبکہ شیر افضل مروت کہہ رہے ہیں کہ وہ اپنے حلقے میں نہیں جا سکتے کیونکہ وہاں طالبان کا قبضہ ہے، خیبرپختونخوا کا پیسہ جلسے جلوسوں پر لگ رہا ہے اور پولیس کے پاس جدید ہتھیار اور گاڑیاں نہیں ہیں۔

شیر افضل مروت کے بیان پر صحافی فرزانہ علی نے طنزاً سوال کیا کہ ان کے حلقے میں کس جماعت کی حکومت ہے؟

ن لیگ کی ایک حامی صارف لکھتی ہیں کہ اس کا ملبہ بھی مسلم لیگ ن پر ڈال دیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp