پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل اضافے کا سلسلہ رک گیا اور تاریخ میں پہلی بار شدید مندی کا شکار ہوگئی۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج ٹریڈنگ کے بعد مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 3 ہزار 790 پوائنٹس کی کمی سے ایک لاکھ 11 ہزار 70 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا جو گزشتہ روز ایک لاکھ 14 ہزار 860 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
اسٹاک مارکیٹ کے ماہر شہر بٹ کا کہنا ہے بالآخر پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا تسلسل مندی میں تبدیل ہوگیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اتار چڑھاؤ، 100 انڈیکس میں 1300 پوائنٹس کمی کے بعد پھر نیا ریکارڈ
ان کا کہنا تھا کہ جہاں مارکیٹ نے نئے بلندی کے ریکارڈ بنائے وہیں آج مندی کا بدترین ریکارڈ بھی بنا دیا اور تاریخ میں پہلی بار اتنے 3790 پوائنٹس کی مندی ایک ہی دن میں ریکارڈ کی گئی اس سے قبل 26 نومبر کو 3500 پوائنٹس کے قریب مندی دیکھی گئی تھی۔
شہریار بٹ کا کہنا تھا کا مارکیٹ آج بھی اچھی رہی ایک ہزار والیوم کے قریب کام ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ مندی کی وجہ اگر دیکھی جائے تو سب سے پہلے تو ہماری مارکیٹ بہت زیادہ بڑھ گئی تھی جس کے بعد شرح سود میں کمی کے بعد شئیر ہولڈرز کی جانب سے شیئرز بیچنے کا رجحان زیادہ رہا جس کی وجہ سے مارکیٹ میں مندی دیکھی گئی ہے۔
مزید پڑھیے: اسٹاک مارکیٹ میں آج ریکارڈ ساز تیزی کی کیا وجہ رہی؟
اسٹاک مارکیٹ ایکسپرٹ جبران احمد کا کہنا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ اب معمول کے مرحلے میں منتقل ہو رہی ہے۔ اب شرح سود اور قیمت سے کمائی کے بجائے آمدنی میں اضافہ بنیادی محرک ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں کو چاہیے کہ وہ معیار، ترقی، طویل المدتی اور قیمت کو ترجیح دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ قائم کرنے کا سلسلہ ختم ہوگیا کیوں کہ سرمایہ کاروں نے شرح سود میں کٹوتی کے بعد زبردست منافع حاصل کیا ہے۔