خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں پولیس نے باپ بیٹے کے قتل کی گتھی سلجھاتے ہوئے مبینہ قاتلہ کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے دعوے کے مطابق گرفتار ہونے والی خاتون کوئی اور نہیں بلکہ قتل ہونے والے شخص کی بیوی اور دوسرے مقتول کی سگی ماں ہے جس نے مبینہ طور پر اپنے آشنا کے ساتھ مل کر یہ دہرا قتل کیا۔
نوشہرہ پولیس کے مطابق دہرے قتل کا واقعہ تھانہ رسالپور کی حدود میں چند دن پہلے پیش آیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کیا عورت صرف غیرت کے نام پر قتل ہونے کے لیے پیدا ہوتی ہے؟
پولیس کا کہنا ہے کہ رشکئی کے رہائشی ارباز خان نے پولیس کو بیان میں بتایا تھا کہ ان کا بھائی کاشف رشکی بازار میں تکے فروخت کرتا ہے اور شام کو کام ختم کرنے کے بعد والد سلیم خان کے ساتھ گھر آرہا تھا کہ راستے میں نامعلوم افراد نے دونوں پر فائرنگ کر دی۔
فائرنگ سے باپ بیٹا شدید زخمی ہوگئے او پھر اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دونوں کی موت ہوگئی۔
مدعی نے پولیس کو یہ بھی بتایا تھا کہ دونوں باپ بیٹے کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں تھی۔
پولیس حکام کے مطابق یہ ایک اندھے قتل کا واقعہ تھا جس میں ملزمان تک پہچنے میں مکمل تحقیقات کے ضرورت پڑی اور کیوں کہ کوئی شک بھی نہیں کر سکتا تھا کہ سگی ماں ہی بیٹے اور اپنے شوہر کے قتل میں ملوث ہوگی۔
حکام نے بتایا کہ جامع تفتیش اور مشکوک افراد سے پوچھ گچھ کے بعد پولیس بالآخر اصل ملزمان تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔
آشنا کی خاطر شوہر اور بیٹے کی قربانی
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے اعتراف کرلیا ہے کہ اس نے اپنے آشنا کے ہاتھوں اپنے شوہر اور بیٹے کو قتل کروایا۔ ملزمہ نے مقامی عدالت کے روبرو اقبال جرم بھی کرلیا ہے۔
ڈسٹرک پولیس افسر نوشہرہ کے مطابق دوران تفتیش ملزمہ نے تمام حقائق سے پردہ اٹھادیا تھا اور پولیس کو بتایا تھا کہ ان کے رشکئی کے ہی رہائشی ایک شخص کے ساتھ مراسم تھے جس کی راہ میں ان کا شوہر رکاوٹ تھا۔
مزید پڑھیے: پی ٹی وی کے کیمرہ مین واجد حسین کے اندھے قتل کا ڈراپ سین، بیٹی اور داماد قاتل نکلے
ملزمہ نے پولیس کو بتایا کہ آشنا سے مشورے کے بعد شوہر کو درمیان سے ہٹانے کا فیصلہ ہوا کیا گیا۔ ملزمہ کا مزید کہنا تھا کہ ملزم نے موقع ملتے ہی فائر کرکے باپ اور بیٹے کو ہلاک کردیا۔
پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمہ نے مقامی عدالت کے سامنے اقبال جرم کرلیا ہے جبکہ شریک ساتھی کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔