چیمپیئنز ٹرافی 2025 کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اسٹیڈیمز کی تزین و آرائش کا کام آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔ کراچی کے نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں بھی ایک نئے بلاک کا اضافہ کردیا گیا ہے جس کا ڈھانچہ مکمل ہو چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے سلسلے میں کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں گراؤنڈ پلس 4 منزلہ اسٹیل کی عمارت کھڑی کردی گئی ہے جو وی آئی پی افراد کے لیے ہوگی۔
اس عمارت میں بین الاقوامی مندوبین کا بلاک، چئیرمین پی سی بی کا آفس اور کھلاڑیوں کا ڈریسنگ روم بھی ہوگا جبکہ پرانا پویلین میڈیا اور براڈ کاسٹرز کے لیے مختص کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی 2025 پر کوئی بھی اعلان انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کرے گی، آئی سی سی
نیشنل اسٹیڈیم میں نئی عمارت بننے سے تماشائیوں کی گنجائش پہلے سے کم ہونے کا امکان ہے اور پورے گراؤنڈ میں پلاسٹک کی فولڈنگ کرسیاں لگائی جائیں گی۔ کرسیوں کا کام 70 فیصد مکمل کیا جاچکا ہے۔ علاوہ ازیں گراؤنڈ میں 2 ڈیجیٹل اسکرینز کے علاوہ فلڈ لائٹس بھی لگائی جائیں گی۔