اوکاڑہ سے بیت اللہ کا پیدل سفر، عثمان ارشد نے کمال کر دکھایا

ہفتہ 15 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گھر سے مسجد تک جانے کا بھی اللہ تعالیٰ نے ثواب رکھا ہے لیکن سوچیں کوئی عبادت کی غرض سے اپنے گھر سے مکہ مکرمہ تک پیدل چلا جائے تو اس عمل کے اجر کا عالم کیا ہوگا؟ اوکاڑہ کے ایک رہائشی نے اس اجر عظیم کے حصول کے لیے یہ کارنامہ سر انجام دے دیا ہے۔

حج کے لیے پیدل سفر کرنے والے عثمان ارشد تقریباً ساڑھے 5 ہزار کلومیٹر کا فاصلہ پیدل طے کر کے بالآخر خانہ خدا پہنچ گئے۔

عثمان ارشد نےحج کے لیے اپنے آبائی علاقے اوکاڑہ سے گزشتہ سال یکم اکتوبر کو پیدل سفر کا آغاز کیا تھا اور انہوں نے 6 ماہ 13 روز بعد اپنی مبارک منزل پر پڑاؤ ڈال دیا۔

جمعے کو اپنی ٹوئٹ میں عثمان ارشد نے بتایا کہ انہوں نے مکہ پہنچ کر عمرے کی سعادت حاصل کرلی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر ایک تصویر بھی شیئر کی۔

اس ٹوئٹ سے قبل ایک اور ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے اطلاع دی کہ وہ 6 ماہ اور 13 دن میں 5400 کلو میٹر کا سفر پیدل طے کرنے کے بعد مکہ پہنچ  چکے ہیں۔

 

عثمان ارشد اپنے سفر کے دوران ایک ماہ میں کوئٹہ پہنچے تھے جس کے بعد وہ ایران میں داخل ہوئے تاہم وہاں انہیں پیدل سفر کے لیے ویزے کی مشکل درپیش ہوئی جس کے سبب وہ ایران سے بحری راستے دبئی پہنچے تھے۔

یاد رہے کہ پیدل سفر کر کے مکہ پہنچنے سے قبل عثمان اوکاڑہ سے پاک چین بارڈر خنجراب تک کا پیدل سفر بھی کر چکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp