پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے عمران خان کی ہدایت پر فواد چوہدری سے اظہار لاتعلقی کردیا۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ آج اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات ہوئی جہاں انہوں نے فواد چوہدری سے اعلانیہ لاتعلقی کا اظہار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں عمران خان نے فواد چوہدری کو بھگوڑا قرار دے دیا
انہوں نے کہاکہ فواد چوہدری اپنی رائے پی ٹی آئی کے مؤقف کے طور پر پیش کرنے کے مجاز نہیں۔ پارٹی فواد چوہدری سے مکمل طور پر لا تعلقی کا اعلان کرتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم واضح کرتے ہیں کہ فواد چوہدری کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں، وہ میڈیا، سوشل میڈیا، ٹی وی پر پاکستان تحریک انصاف کی نمائندگی نہیں کرسکتے۔
واضح رہے کہ فواد چوہدری 9 مئی واقعات کے بعد پی ٹی آئی سے الگ ہوگئے تھے تاہم کچھ عرصہ بعد انہوں نے تحریک انصاف میں واپسی کے لیے کوششیں کیں۔ اب وہ ٹی وی اسکرین اور سوشل میڈیا کے ذریعے اپنا تعلق تحریک انصاف کے ساتھ جوڑ رہے تھے۔
کچھ روز قبل انہوں نے کہا تھا کہ عمران خان اور تحریک انصاف کو چاہیے کہ وہ افراد کے بجائے ایشوز پر توجہ دیں۔
یہ بھی پڑھیں عمران خان کا ’ایکس اکاؤنٹ‘ فوج مخالفت میں استعمال ہو رہا ہے، فواد چوہدری
سینیئر صحافی انصار عباسی کو دیے گئے انٹرویو میں فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ انہوں نے اڈیالہ جیل میں (بروز پیر) بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں مشورہ دیا ہے کہ وہ فوج اور اس کی اعلیٰ قیادت کے معاملے میں درجہ حرارت میں کمی لائیں۔