چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپیئنز ٹرافی ایونٹ میں بھارت کے میچوں کے لیے نیوٹرل وینیو کا فیصلہ کل تک ہوجائےگا۔
چیئرمین پی سی بی نے ہفتہ کی رات کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور چیمپیئنز ٹرافی کے حوالے سے جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔
یہ بھی پڑھیں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا ممکنہ شیڈول سامنے آگیا، افتتاحی میچ کراچی میں ہوگا
اس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نیشنل اسٹیڈیم میں نئی بلڈنگ کی تعمیر سمیت جنگلا بھی تبدیل کیا جارہا ہے، جبکہ اسٹیڈیم کے قریب 2700 کی گاڑیوں کی پارکنگ بنائی جارہی ہے۔
محسن نقوی نے کہاکہ لاہور کے مقابلے میں کراچی کے اسٹیڈیم کا کام زیادہ تیزی سے ہورہا ہے، دو بڑی اسکرینز کے ساتھ ساتھ ایل ای ڈی لائٹ لگا رہے ہیں، یہ کام 15 جنوری تک مکمل کرلیا جائےگا۔
چیئرمین پی سی بی نے کہاکہ بھارت کے میچوں کے لیے نیوٹرل وینیو کے حوالے سے بات چل رہی ہے اور آج رات یا کل تک فیصلہ ہوجائےگا۔
انہوں نے کہاکہ آئی سی سی نے چیمپیئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کرنا ہے، اب اگلے 3 برس تک ہماری ٹیم بھی نیوٹرل وینیو پر ہی کھیلے گی۔
یہ بھی پڑھیں چیمپیئنز ٹرافی 2025 میں اہم ترین پاک بھارت میچ کب کھیلا جائے گا؟
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ فخر زمان کو ٹیم میں شامل کرنے کے حوالے سے سلیکشن کمیٹی سے پوچھا جائے، ٹیم میں وہی کھلاڑی رہے گا جو کارکردگی دکھائے گا۔














