افغانستان میں سعودی عرب کے سفارت خانے نے کابل میں اپنا کام دوبارہ شروع کر دیا جس کا امارت اسلامیہ نے خیر مقدم کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی جانب سے 250 افغان خاندانوں کو شیلٹر کٹس کی فراہمی
گزشتہ روز سعودی عرب نے کابل میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھول دیا۔ کابل میں سعودی عرب کے سفارت خانے نے اعلان کیا کہ اس نے یہ قدم افغان شہریوں کو خدمات فراہم کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
دوسری جانب امارت اسلامیہ کی وزارت خارجہ کی جانب سے کابل میں سعودی سفارتخانے کو دوبارہ کھولنے کا خیرمقدم کیا ہے اور اسے افغانستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کی توسیع میں ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔
وزارت خارجہ کے نائب ترجمان حافظ ضیاء احمد تکل نے ایک پیغام میں کہا کہ سفارت خانے کے دوبارہ قیام سے سعودی عرب میں مقیم افغانوں کو اعلیٰ سطح کی سہولت میسر آئے گی۔
مزید پڑھیے: سعودی عرب کی کابل میں پاکستانی سفارت خانے پر حملے کی مذمت
انہوں نے کہا کہ ہم کابل میں سعودی عرب کے سفارت خانے کے دوبارہ کھلنے کا خیرمقدم کرتے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ امارت اسلامیہ افغانستان کی وزارت خارجہ تمام معاملات میں تعاون کرے گی اور ان کی حفاظت پر بھرپور توجہ دے گی۔
سفارتخانے کے کھلنے سے افغانستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات اور تعاون کو وسعت ملے گی اور سعودی عرب میں مقیم افغانوں کے مسائل اور مطالبات کو بروقت حل کرنے میں مدد ملے گی اور انہیں احسن طریقے سے سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
علاوہ ازیں وزارت خارجہ کے سیاسی ڈائریکٹر ذاکر جلالی نے بھی کابل میں سعودی عرب کے سفارت خانے کے دوبارہ آغاز کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی توسیع میں ایک مثبت قدم قرار دیا۔
کابل میں سعودی سفارت خانے نے اپنے ایکس پیج پر لکھا ہے کہ وہ 22 دسمبر سے اپنی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر دے گا۔ سعودی سفارت خانے نے لکھا کہ سعودی عرب کی شاہی حکومت نے افغان بھائیوں کے لیے تمام خدمات فراہم کرنے کی خواہش کے مطابق کابل میں اپنی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سے ایک روز اسلام آباد میں افغان سفارت خانے کے چارج ڈی افیئرز سردار احمد شکیب نے سعودی عرب کے نائب سفیر مشعل الشمری سے ملاقات کی۔ بعد ازاں انہوں نے ایک خبر میں کہا کہ ان کی نائب سفیر سے مثبت گفتگو ہوئی جس میں دونوں نے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے، افغان شہریوں کے لیے ویزا کے عمل کو آسان بنانے اور باہمی دلچسپی کے دیگر مسائل کو حل کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب میں ہونے والے ورلڈکپ میں سیالکوٹ کے بنے فٹ بالز استعمال ہوں گے: سفارتکار
واضح رہے کہ اگست 2021 میں امارت اسلامیہ کے قیام کے بعد سعودی عرب نے افغانستان میں اپنی سفارتی سرگرمیاں معطل کر دی تھیں اور اپنے سفارت کاروں کو ملک سے نکال دیا تھا تاہم اس سال چند ماہ بعد اس نے اپنے سفارت خانے کا قونصلر سروسز کا شعبہ دوبارہ کھول دیا تھا تاہم بعد ازاں فروری 2023 میں اس نے سفارت خانہ بند کر دیا۔
افغانستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں۔ سعودی حکومت نے افغانستان کو صحت، تعلیم اور انسانی ہمدردی کے شعبوں میں متعدد بار مدد فراہم کی ہے۔
اس وقت ترکی، چین، روس، پاکستان، ایران سمیت متعدد ممالک نے کابل میں اپنے سفارت خانے کھولے ہوئے ہیں اور افغانستان کی جانب سے مختلف ممالک میں 40 سفارتی مشنز فعال ہیں۔