اینکرپرسن آفتاب اقبال گھر پہنچ گئے

پیر 23 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اینکرپرسن آفتاب اقبال خیریت سے گھر پہنچ گئے ہیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر آفتاب اقبال کے اکاؤنٹ سے ان کی آفیشل ٹیم نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہت مشکل وقت گزرا لیکن اللہ کا شکر ہے کہ آفتاب اقبال خیریت سے گھر پہنچ گئے ہیں، ان کے لیے دعائیں کرنے پر سب کا شکریہ۔

دوسری جانب معروف قانون دان میاں علی اشفاق نے ایکس پر دعویٰ کیا ہے کہ وہ آفتاب اقبال اور ان کی فیملی کے لیے چند سالوں سے پیشہ ورانہ طور پر قانونی نمائندگی کے فرائض انجام دے رہے ہیں اور ریکارڈ پر رکھنے کے لیے واضح کررہے ہیں کہ اس وقت پاکستان بھر میں آفتاب اقبال کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود کل رات انہیں دبئی ایئرپورٹ پر روکا گیا، وہ کچھ دیر پہلے گھر خیریت سے روانہ ہو چکے ہیں،مزید آفتاب اقبال خود آپ بیتی اب سے چند گھنٹے بعد بیان کریں گے-

یاد رہے کہ   سینیئر اینکرپرسن آفتاب اقبال کی بیٹی عائشہ نور اقبال نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں بتایا تھا کہ ان کو والد آفتاب اقبال کو برطانیہ (یوکے) سے واپسی پر دبئی ایئرپورٹ پر گرفتار کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اینکرپرسن آفتاب اقبال کا فیملی سے رابطہ منقطع، دبئی میں گرفتاری کی اطلاعات

عائشہ نور کے مطابق آفتاب اقبال اپنی زوجہ کے ہمراہ برطانیہ سے دبئی پہنچے تھے جہاں امیگریشن حکام انہیں اپنے ساتھ لے گئے۔ عائشہ نور نے کہا ’ میرے والد کو امیگریشن حکام کی جانب سے کلین چٹ مل چکی ہے لیکن انہوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں کہ وہ کہاں ہیں اور کیسے ہیں، ہمارا ان سے رابطہ نہیں ہورہا۔‘

قبل ازیں آفتاب اقبال کے بھائی جنید اقبال نے بھی اپنے پیغام میں دعویٰ کیا تھا کہ دبئی ایئرپورٹ پر حراست میں لیے جانے کے بعد سے ان کے بڑے بھائی لاپتا ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp