فوجی عدالتوں کے ٹرائل اور فیصلوں پر مایوسی ہے، اسد قیصر

منگل 24 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ یورپی یونین اور برطانیہ سمیت دنیا بھر میں ملٹری کورٹ کے ٹرائل پر تحفظات کا اظہارکیاجارہا ہے، سویلینز کے ملٹری کورٹ میں ٹرائل پرہمیں بھی تحفظات ہیں۔

’فوجی عدالتوں کے ٹرائل اور فیصلوں پر ہمیں مایوسی ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے پر بھی مایوسی ہے، ایسے میں عوام کدھر جائے، آئین پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے، قانون پاس کیاگیا کہ اسلام آباد میں جلسہ نہیں ہوگا، کیااسلام آباد پاکستان کا حصہ نہیں ہے۔‘

یہ بھی پڑھیں:آئینی بینچ نے ملٹری کورٹس کو فیصلہ سنانے کی اجازت دے دی

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےسابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ حکومت اپنے اختیارات کا غلط استعمال کررہی ہے، جو تاریخ کا حصہ بنتا جارہا ہے۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ملکی معاشی اور سیاسی صورتحال کی وجہ سے حکومت کو مذاکرات کا راستہ دیا ہے۔ عمران خان مقبول لیڈر ہیں، عوامی سروے کرالیں 99 فیصد کہیں گے کہ ان کیخلاف مقدمات انتقامی کارروائیاں ہیں۔

مزید پڑھیں:مذاکرات میں ہمارے قیدیوں کی رہائی کی بات ہو گی ، اسد قیصر

اسد قیصر کے مطابق پی ٹی آئی کی قیادت کیخلاف بنائے جانیوالی نئے مقدمات کی کوئی حیثیت نہیں، سب جانتے ہیں کہ یہ بدترین انتقامی کارروائیوں کا حصہ ہے۔

’ہمارا موقف ہے کہ ملک میں قانون کی حکمرانی ہو، بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت تمام بے گناہ پی ٹی آئی کارکنان کو رہا کیاجائے۔‘

مزید پڑھیں:پشاور ہائیکورٹ: عاطف خان کے وارنٹ گرفتاری معطل، اسد قیصر کی راہداری ضمانت منظور

اسد قیصر نے یقین کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے کسی بھی کارکن نے گملا تک نہیں توڑا، ہم آزاد عدلیہ سمیت ملک میں قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں، اپنے موقف سے کسی صورت پر پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

انہوں نے میڈیا خصوصاً نجی ٹی وی چینلز کو مخاطب کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ پی ٹی آئی کیخلاف یکطرفہ پروپیگنڈا کرتے ہوئے پی ٹی وی بن گئے ہیں، جس سے ان کی ساکھ ختم ہورہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp