لاہور ہائیکورٹ کے ملازمین کو ساڑھے 12 کروڑ روپے سے زائد اعزازیہ کی منظوری

ہفتہ 15 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کو درپیش سنگین مالیاتی بحران کے پیشِ نظر جہاں ایک طرف وزیراعظم اور وفاقی کابینہ نے کفایت شعاری مہم کا آغاز کیا ہوا ہے، ایسے میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے ہائیکورٹ کے 1860 ملازمین کو 12 کروڑ 80 لاکھ روپے اعزازیہ کے طور پر ادا کرنے کی منظوری دی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے BS-1 سے BS-21 تک کے افسروں سمیت تقریباً تمام ملازمین کو اعزازیہ کی اجازت دی گئی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے نوٹیفکیشن کے مطابق BS-16 سے BS-21 تک کے 696 ملازمین کو 4 کروڑ 80 لاکھ روپے جبکہ BS-1 سے BS-15 تک کے 1168 ملازمین کو 8 کروڑ روپے بطور اعزازیہ کی مد میں ادا کیے جائیں گے۔

BS-1 سے BS-21 تک کے افسروں اور ملازمین میں سے ہر ایک کو 69 ہزار روپے بطور اعزازیہ دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں وضاحت کی گئی ہے کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کے متعلقہ نوٹیفکیشن کے تحت عطا کردہ اختیارات کے استعمال میں اعزازیہ دینے کی منظوری دی، جبکہ ملازمین کو دیے جانے والے اعزازیہ کے اخراجات لاہور ہائیکورٹ کے منظور شدہ بجٹ سے پورے کیے جائیں گے۔

گزشتہ سال جون 2022 میں بھی لاہور ہائی کورٹ نے اپنے 1,939 ملازمین کو 13 کروڑ 30 لاکھ روپے مجموعی مالیت پر مبنی اعزازیہ دیا تھا۔ 13 اپریل 2022 کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق BS-16 سے BS-20 میں 732 ملازمین کو مجموعی طور پر 6 کروڑ 50 لاکھ روپے جب کہ BS-1 سے BS-15 تک کے 1,207 ملازمین کو 6 کروڑ 80 لاکھ روپے ادا کیے گئے تھے ۔

پچھلی مرتبہ BS-16 سے BS-20 تک کے ملازمین کے لیے اعزازیہ کی رقم 70 ہزار سے 1لاکھ 50 ہزار  روپے کے درمیان تھی جبکہ کم درجے کے ملازمین کو 55 سے 60 ہزار روپے ادا کیے گئے تھے۔

ملک کے سنگین مالیاتی بحران کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف نے رواں سال فروری میں سرکاری محکموں اور اداروں کے لیے کفایت شعاری کے اقدامات کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے عدلیہ میں بھی ایسا ہی کرنے کی درخواست کی تھی۔

ملک بھر میں کفایت شعاری کے اقدامات کی سفارش کرنے کے لیے قائم قومی سادگی کمیٹی نے زیادہ سے زیادہ پینشن کو 5 لاکھ روپے تک محدود کرنے کی تجویز پیش کی تھی، جس کا بنیادی مقصد اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کی پینشن کو کم کرنا تھا۔

تاہم وزیراعظم نے ججوں کی پنشن میں کمی کو کفایت شعاری مہم میں شامل نہیں کیا جبکہ وزیر اعظم اور کابینہ نے چیف جسٹس آف پاکستان پر چھوڑ دیا کہ وہ اپنے ادارے میں کفایت شعاری کے اقدامات کریں۔

اس ضمن میں لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے اٹھائے جانے والے کفایت شعاری کے اقدامات کا ابھی تک انتظار ہے۔ لاہور ہائی کورٹ کے ملازمین کے لیے 12 کروڑ 80 لاکھ روپے کے اعزازیہ کی منظوری کو وزیراعظم کی کفایت شعاری مہم کے برخلاف دیکھا جا رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp