پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی گرفتار

ہفتہ 15 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی زیدی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی سندھ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ علی زیدی کو صوبائی سیکرٹریٹ سے گرفتار کیا گیا ہے۔

ترجمان نے الزام لگایا ہے کہ اہلکار بغیر کسی وارنٹ کے پارٹی دفتر میں داخل ہوئے جب علی زیدی پی ٹی آئی سندھ سیکریٹریٹ میں تنظیمی عہدیداروں سے ملاقات کررہے تھے۔

پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ سول کپڑوں اور یونیفارم میں ملبوس اہلکاروں نے علی زیدی کو گرفتار کر کے نا معلوم مقام پر منتقل کردیا ہے جبکہ اہلکار جاتے وقت دفتر سے کچھ افراد کے موبائل فونز بھی ساتھ لے گئے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سندھ پارٹی دفتر پر غیر قانونی ریڈ اور صوبائی صدر کی گرفتاری کی مزمت کرتی ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری مبین جتوئی نے بھی علی زیدی کی گرفتاری پر رد عمل دیتے ہوئے آج افطار کے بعد سندھ بھر میں احتجاج کی کال دے دی ہے۔

جنرل سیکریٹری مبین جتوئی کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ حکومت نے اپنے غنڈوں سے پی ٹی آئی کے صوبائی سیکریٹریٹ پر حملہ کروایا ہے۔

مبین جتوئی نے کہا ہے کہ دفتر پر حملہ کر کے علی زیدی کو بغیر کسی وارنٹ کے گرفتار کیا گیا جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت اور انکے ہینڈلرز ہر گزرتے دن کے ساتھ ذہنی دباؤ میں مبتلا ہورہے ہیں لیکن ان حربوں سے سندھ میں پی ٹی آئی کو کمزور نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ امپورٹڈ حکومت اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہے اور علی زیدی کو فوری رہا کرے۔

علی زیدی کی بازیابی کے لیے درخشاں پولیس اسٹیشن میں درخواست

دریں اثناء انصاف لائرز فورم کراچی کے صدر ظہور محسود ایڈووکیٹ نے علی زیدی کی بازیابی کے لئے درخشاں پولیس اسٹیشن میں درخواست دے دی ہے۔

ظہور محسود ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا ہے کہ علی زیدی کو بخاری کمرشل پر واقع انکے دفتر سے نامعلوم سادہ لباس اہلکار اپنے ہمراہ لے گئے ہیں۔ علی زیدی کو کراچی بھر کے تھانوں میں تلاش کیا لیکن کچھ پتہ نہیں چل سکا۔

علی زیدی کی بازیابی کے لیے درخشاں پولیس اسٹیشن میں دی گئی درخواست کا عکس

 

ظہور محسود ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ علی زیدی کی موجودگی کی تصدیق کسی تھانے سے نہیں ہوسکی لہٰذا علی زیدی کو بازیاب کروایا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp