وزیراعظم محمد شہباز شریف نے افغا ن حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین سےتحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی کارروائیاں روکے کیوں کہ ایک طرف تعلقات بڑھانے کی خواہش کا اظہار اور دوسری طرف ٹی ٹی پی کو کھلی چھٹی اور افغانستان سے پاکستان پرحملے لہٰذا ہمیں یہ دو عملی قبول نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان: افغانستان سے دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام، 3 خوارج ہلاک
جمعے کو کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان ہمارا ہمسایہ اور برادر ملک ہے جس کے ساتھ ہماری ہزاروں کلومیٹرز لمبی سرحد ہے اور اس کے ساتھ تعلقات بہتر بنانا، معاشی تعاون، تجارت کا فروغ اور تعاون کو وسعت دینا ہماری خواہش ہے لیکن یہ بدقسمتی ہے کہ ٹی ٹی پی آج بھی وہاں سے آپریٹ کررہی ہے اور پاکستان میں ہمارے بیگناہ لوگوں کو شہید کررہی ہے، یہ پالیسی نہیں چل سکتی۔
انہوں نے کہا کہ افغان حکومت کو ایک سے زائد مرتبہ اچھے تعلقات قائم کرنے کا پیغام دیا ہے لیکن اسے ٹی ٹی پی کا ناطقہ مکمل طور پر بند کرنا ہو گا اور انہیں کسی صورت پاکستانی عوام کو شہید کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے کیوں کہ یہ ہمارے لیے ریڈ لائن ہے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ اگر ٹی ٹی پی بدستور افغان سرزمین سے آپریٹ کرے گی تو یہ ہمارے لیے کسی صورت قابل قبول نہیں ہم پاکستان کی سالمیت کے تقاضوں کا پوری طرح دفاع کریں گے۔
شہباز شریف نے افغان حکومت پر زوردیا کہ وہ اس حوالے سے ٹھوس حکمت عملی تیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بات چیت کے لیے تیار ہیں لیکن اگر ایک طرف ہمیں تعلقات بڑھانے کا پیغام ملے اور دوسری طرف ٹی ٹی پی کو کھلی چھٹی ہوتو یہ 2 عملی ہمیں قبول نہیں ہے۔
محترمہ بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کوان کی 17 ویں برسی کے موقعے پرخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ و ہ ایک جرأت مند اوردلیررہنما اور اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں اور سیاست میں مفاہمت پر یقین رکھتی تھیں۔
مزید پڑھیے: محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی زندگی کے آخری 100 گھنٹے
انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو نے نواز شریف کے ساتھ میثاق جمہوریت کیا جس کی سب سیاسی جماعتوں نے پذیرائی کی اور ملک و جمہوریت کے لیے ان کی بے پناہ خدمات اور قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
انہوں نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور صدرمملکت آصف علی زرداری اور بینظیربھٹو شہید کے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری اور ان کی بہنوں سے ہمدردی اورنیک تمنائوں کا اظہار کیا۔
’پاڑا چنار میں ایک ٹن ادویات بھجوا دی گئیں‘
وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کو پاڑا چنارمیں این ڈی ایم اے کے ذریعے ہیلی کاپٹرز بھجوا کرادویات کی فراہمی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ٹن ادویات پاڑا چنار بھجوائی گئی ہیں اور وہاں سے زخمیوں کو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے بہتر علاج معالجے کے لیے اسلام آباد منتقل کیا گیا ہے۔
افواج پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین
وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف صف آرا افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ چند روز قبل ایک واقعہ میں ایف سی کے 16جوان شہید ہوئے جبکہ شمالی وزیرستان میں ہونے والے ایک معرکے میں کئی خوارج کو جہنم واصل کیا گیا ہے، اس معرکہ میں ایک میجر اور جوان شہید بھی ہوئے۔
آذربائیجان سے اظہار ہمدردی
وزیراعظم نے کابینہ کوآذربائیجان کےصدر کے ساتھ اپنی گزشتہ روز ٹیلی فون پرہونے والی بات چیت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان کے طیارے کے بدقسمت حادثے میں 38 انسانی جانوں کے ضیاع پر آذربائیجان کے صدر سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔
مزید پڑھیں: آذربائیجان کا مسافر طیارہ کس کے میزائل کا نشانہ بنا؟
وزیراعظم نے کہا کہ آذربائیجان کے صدر پاکستان کے عوام سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اور آئندہ چند ماہ کے دوران آذربائیجان کے ساتھ ہمارے روابط مزید مضبوط ہوں گے۔