ملک بھر میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد 16 ویں قومی اسمبلی کی تشکیل ہوئی جبکہ مارچ میں سینیٹ کے انتخابات کے بعد اس کی بھی نشستیں مکمل ہو گئیں۔ قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس 29 فروری کو منعقد کیا گیا تھا جبکہ سال رواں میں اس کے مجموعی طور پر 11 اجلاس طلب کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: 26ویں آئینی ترمیم پارلیمنٹ کی دو تہائی اکثریت سے منظور، صدر زرداری آج دستخط کریں گے
قومی اسمبلی نے سب سے اہم 26 ویں آئینی ترمیم منظور کی جبکہ اس کے علاوہ 55 سے زائد بل اور 34 ایکٹ بھی منظور کیے گئے۔ اس سال سینیٹ کے 9 اجلاس طلب کیے گئے جن میں 26ویں آئینی ترمیم کے علاوہ 50 بل منظور کیے گئے۔
ٹیکس قوانین ترمیمی بل
قومی اسمبلی نے 29 اپریل کو ٹیکس قوانین ترمیمی بل منظور کیا تھا جس کا ہدف ملک بھر میں ٹیکس کے نظام کو بہتر بنانا اور زیادہ سے زیادہ افراد کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنا ہے۔ اس بل میں نان فائلرز پر بہت سی پابندیاں لگی تھیں جبکہ سیلز ٹیکس جمع نہ کروانے والے دکانداروں، صنعت کاروں اور تاجروں کے لیے بھی سختیاں بڑھائی گئیں۔
الیکشن ایکٹ ترمیمی بل
قومی اسمبلی اور سینیٹ نے 6 اگست کو اپوزیشن کے شدید احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے دوران کثرت رائے سے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل منظور کیا تھا۔ یہ بل انتہائی اہمیت کا حامل تھا کیونکہ اس کے ذریعے پی ٹی آئی کی مخصوص نشستوں کا فیصلہ ہونا تھا۔ اس بل میں قرار دیا گیا کہ پارٹی سرٹیفکیٹ جمع نہ کرانے والا امیدوار آزاد تصور ہوگا اور کسی بھی امیدوار کی جانب سے مقررہ مدت میں ایک مرتبہ کسی سیاسی جماعت سے وابستگی کا اظہار ناقابل تنسیخ ہو گا۔
مزید پڑھیےؒ: الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024 قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ سے بھی منظور
بل میں یہ بھی کہا گیا کہ اگر کوئی سیاسی جماعت مخصوص نشستوں کی فہرست مقررہ وقت یعنی 3 روز میں جمع نہیں کراتی تو وہ پارٹی بعد میں مخصوص نشستوں کے کوٹے کی اہل نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ اگر ایک آزاد رکن ایک مرتبہ کسی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کرتا ہے تو وہ کسی اور جماعت میں شامل نہیں ہو سکتا۔
26ویں آئینی ترمیم
حکومت اور اتحادیوں نے 26 ویں آئینی ترمیم کے لیے کئی ماہ کوششیں کیں تاہم وہ منظور نہیں ہو پا رہی تھی جس کے بعد 20 اکتوبر کو اتحادیوں اور مولانا فضل الرحمان سمیت اپوزیشن کے کچھ اراکین کی حمایت سے 26 ویں آئینی ترمیم منظور کر لی گئی۔ اس ترمیم میں جے یو آئی کی جانب سے تجویز کردہ ترمیم میں کہا گیا تھا کہ سود کو جنوری 2028 تک ملک سے مکمل طور پر ختم کردیا جائے گا۔
آئینی ترمیم میں سپریم کورٹ سمیت اعلیٰ عدالتوں میں ججز کی تعیناتی سے متعلق آرٹیکل 175 اے میں تبدیلی کی گئی اور قرار دیا گیا کہ سپریم جوڈیشل کمیشن میں چیف جسٹس کے علاوہ سپریم کورٹ کے 4 سینیئر ججز کے اور اتنے ہی اراکین پارلیمنٹ بھی ہوں گے۔
مزید پڑھیں: جوڈیشل کمیشن نے آئینی بینچ کےججز کی مدت میں توسیع اور تقرری رولز 2024 کی منظوری دیدی
اس کے علاوہ چیف جسٹس کی تقرری کے طریقہ کار میں تبدیلی کی گئی کہ سپریم کورٹ کے سینیئر ترین جج کو بطور چیف جسٹس تعینات کرنے کی بجائے 3 نام اس پارلیمانی کمیٹی کو بھیجے جائیں گے اور کمیٹی ایک کو چیف جسٹس لگانے کی سفارش کرے گی۔
آئینی ترمیم میں چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کی مدت کو 3 سال کر دیا گیا۔ ترمیم میں از خود نوٹس کے اختیار سے متعلق قانون میں ترمیم کی گئی ہے اور قرار دیا گیا کہ سپریم کورٹ کسی بھی معاملے میں نہ کوئی ازخود نوٹس لے سکتی ہے اور نہ کسی ادارے کو کوئی ہدایت دے سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: سروسز چیفس کی مدت ملازمت بڑھا کر فرد واحد کو نہیں، ادارے کو مضبوط کیا، خواجہ آصف
علاوہ ازیں آئینی مقدمات کی سماعت کے لیے آئینی بینچ کی تشکیل کو بھی ترمیم میں شامل کیا گیا تھا۔
فوجی سربراہان کی مدت ملازمت 5 سال
قومی اسمبلی نے 5 نومبر کو فوجی سربراہان کی مدت ملازمت بڑھانے کا بل منظور کیا جس کے بعد اب آرمی چیف سمیت تینوں افواج کے سربراہان کی مدت ملازمت کو 3 سال سے بڑھا کر 5 سال کر دیا گیا ہے۔ اسی روز سپریم کورٹ کے ججوں کے تعداد کو 17 سے بڑھا کر 34 اور ہائیکورٹ کے ججز کی تعداد کو 9 سے بڑھا کر 12 کرنے کا بل بھی منظور کیا گیا۔