پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں چوری کی انوکھی واردات سامنے آئی ہے، جہاں چوری کرنے والا اگلے ہی روز چرایا گیا سونا واپس رکھ کر ایک معافی نامہ بھی ساتھ رکھ گیا۔
اردو نیوز کے مطابق پولیس نے بتایا کہ چور نے جس گھر سے چوری کی تھی، اگلی ہی رات چرایا گیا سونا وہاں پر رکھ کر ایک خط بھی ساتھ رکھ دیا، جس میں اس نے لکھا کہ یہ اس سے غلطی ہوگئی، کیوں کہ چوری کسی اور گھر میں کرنی تھی۔
یہ بھی پڑھیں عمرے کی ادائیگی سے واپسی پر خاتون 20 تولہ سونا چوری کے الزام میں گرفتار
رپورٹ کے مطابق 16 اور 17 دسمبر کی درمیانی شب یہ واقعہ تھانہ چٹیانہ کی حدود میں پیش آیا۔ مدعی عبداللطیف نے پولیس کو بتایا کہ چوروں نے اس کی بیٹی کے گھر سے سامان چرایا۔
مقدمے کے متن میں درج ہے کہ چوروں نے گھر کے کمروں کے تالے توڑے اور سونے سمیت نقدی بھی لے کر چلتے بنے۔ چوروں نے گھر سے 45 لاکھ روپے کی چوری کی۔
مدعی عبداللطیف نے بتایا کہ چوروں نے سونے اور نقدی سمیت سعودی ریال بھی چوری کیے، جس میں 14 تولے سونا، 7 ہزار سعودی ریال اور 35 ہزار پاکستانی کرنسی شامل تھی۔
رپورٹ کے مطابق جس شخص کے گھر میں چوری ہوئی اس کا نام محمد انیس ہے اور وہ اوورسیز پاکستانی ہیں جو بیرون ملک مقیم ہیں۔
مدی عبداللطیف نے بتایا کہ دراصل یہ چوری میری بیٹی کے گھر میں ہوئی، جو میرے ذاتی گھر کے سامنے واقع ہے لیکن 15 دسمبر کو میری بیٹی اپنے بیٹے کے ہمراہ عمرہ ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہوئی تو گھر کی ذمہ داری میرے اوپر آگئی۔
پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ اب تک کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی، تاہم تفتیش کا عمل جاری ہے، چوروں کو جلد گرفت میں لے لیں گے۔
مدعی عبداللطیف کے مطابق چوری کا معلوم ہونے پر ہم نے پولیس کو اطلاع دی، تاہم ابھی تفتیش جاری ہی تھی کہ اگلی رات گھر کے صحن سے ہمیں ایک عدد پرچی اور ایک پوٹلی ملی۔
انہوں نے بتایا کہ ملنے والی پرچی پر درج تھا کہ ہم آپ کے گھر میں چوری نہیں کرنا چاہتے تھے، غلطی سے یہاں آگئے۔
انہوں نے کہاکہ جب میں نے پوٹلی کھولی تو اس میں سونا پڑا ہوا تھا، جس میں کڑے، لاکٹ، ٹاپس اور بسکٹ تھے اور یہ 12 تولے سونا تھا۔
یہ بھی پڑھیں پنجاب پولیس کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن،2 ڈاکوہلاک
مدعی کے بقول انہیں ابھی تک 2 تولے سونا، سعودی اور پاکستانی کرنسی واپس نہیں ملی جو چرائی گئی تھی۔














