روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے مسافر طیارے کے حادثے پر آذربائیجان سے معافی مانگ لی

ہفتہ 28 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے روسی فضائی حدود میں آذربائیجان کے طیارے کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر آذربائیجان سے معافی مانگ لی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آذربائیجان کا مسافر طیارہ کس کے میزائل کا نشانہ بنا؟

ہفتہ کے روز روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف سے افسوسناک واقعے پر معافی مانگی ہے جو روسی فضائی حدود میں پیش آیا جس میں آذربائیجان ایئر لائنز کا مسافر طیارہ یوکرین کے ڈرونز کے حملوں کو روکنے کی کوشش کے دوران فضائی دفاعی نظام کے استعمال کے دوران گر کر تباہ ہو گیا تھا۔

قازقستان کے شہر اکٹو کے قریب آذربائیجان کی پرواز جے 2-8243 کے جنوبی روس سے رخ مڑتے ہی آگ کے ایک گولے کی لپیٹ میں آ کر گر کر تباہ ہو گئی تھیں، یہ حادثہ اس جگہ پیش آیا جہاں سے یوکرین کے ڈرونز کی جانب سے روس کے متعدد شہروں پر حملے کیے جانے کی اطلاعات ہیں، طیارے کے حادثے میں کم از کم 38 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

آذربائیجان کی جانب سے اس حادثے کی تحقیقات کے ابتدائی نتائج کے مطابق روس کی فضائیہ نے غلطی سے آذربائیجان کے مسافر طیارے کو مار گرایا ہے۔

مزید پڑھیں:آذربائیجان کا چیچنیا جانے والا مسافر طیارہ تباہ، متعدد ہلاکتوں کا خدشہ

ادھر ہفتہ کے روز کریملن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ولادیمیر پیوٹن نے روسی فضائی حدود میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر معافی مانگی ہے اور ایک بار پھر جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔

کریملن کا کہنا ہے کہ اس وقت گروزنی، موزدوک اور ولادیکاوکاز پر یوکرین کے بغیر پائلٹ کے ڈرونز حملے کر رہے تھے اور روسی فضائی دفاعی نظام نے ان حملوں کو پسپا کرنے کے لیے استعمال کیا گیا تھا جس کی زد میں آذربائیجان کا مسافر طیارہ بھی آ گیا۔

آذربائیجان کے صدارتی دفتر کے مطابق آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف نے کہا تھا کہ طیارے کو روسی فضائی حدود میں بیرونی طور پر تکنیکی مداخلت کر کے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں طیارے مکمل طور پر کنٹرول کھو چکا تھا، اس کے بعد طیارے کو قازقستان کے شہر اکتو کی طرف موڑ دیا گیا تھا۔

ایمبریئر 3ایس اے مسافر طیارے نے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے روس کے جنوبی چیچنیا کے علاقے گروزنی کے لیے اڑان بھری تھی اور بحیرہ کیسپین میں سیکڑوں میل کی دوری بغیر کسی خرابی کے طے کی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp