آسٹریلیا اور بھارت کے مابین 5 میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے چوتھے میچ میں آسٹریلیا نے انڈیا کو 184 رنز سے شکست دے دی۔
آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں 26 سے 30 دسمبر تک کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 474 رنز بنائے تھے۔ پہلی اننگز میں اسٹیون اسمتھ 140، مارنس لاباشنگے 72 اور سام کونسٹیس 60 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ انڈیا کی جانب سے جسپریت بمراہ نے 4، رویندرا جدیجہ نے 3 اور آکاش دیپ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
یہ بھی پڑھیں: آسٹریلیا بھارت تیسرا ٹیسٹ: پہلا دن بارش کی نذر، میزبان بورڈ مالی نقصان سے بچ جاتا، مگر کیسے؟
جواب میں انڈیا کی پوری ٹیم 369 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ انڈیا کی جانب سے نتیش کمار ریڈی 114 اور یشاسوی جیسوال 82 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز، اسکاٹ بولینڈ اور نیتھن لیون نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔
دوسری اننگز شروع کرنے سے قبل آسٹریلیا کو 105 رنز کی برتری حاصل ہوچکی تھی۔ اپنی دوسری اننگز میں آسٹریلیا نے 234 رنز بنا کر بھارت کو مجموعی طور پر 340 رنز کا ہدف دیا۔ دوسری اننگز میں بھارتی بولر جسپریت بمراہ نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد سراج نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
یہ بھی پڑھیں: ڈبلیو ٹی سی رینکنگ: بھارت کا گراف گرگیا، آسٹریلیا پھر سرفہرست
340 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم دوسری اننگز میں آسٹریلیا کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری انڈین ٹیم 155 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ دوسری اننگز میں بھارتی اوپنر یشاسوی جیسوال 84 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز اور اسکاٹ بولینڈ نے 3، 3 جبکہ نیتھن لیون نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو بھارت پر 1-2 سے برتری حاصل ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین کھیلا گیا تیسرا میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا تھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچواں اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ 3 سے 7 جنوری 2025 تک سڈنی میں کھیلا جائے گا۔